Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں کورونا کے دو ہزار 404 نئے مریض

کورونا کے ایک لاکھ 33 ہزار مزید ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔(فوٹو سوشل میڈیا)
متحدہ عرب امارات میں پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے دو ہزار 404 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
نئے مریض مختلف قومیت سے تعلق رکھتے ہیں، ان سب کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ضروری علاج فراہم کیا جارہا ہے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے وزارت صحت و تحفظ کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  جدید طبی تشخیصی  آلات کی مدد سے کورونا کے ایک لاکھ 33 ہزار 458 مزید ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
 بیان کے مطابق امارات میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد  دو لاکھ 32 ہزار 982 ہوگئی ہے۔ 
وبا سے متاثرہ مریضوں میں سے مزید 2252 مکمل صحتیاب ہوگئے جس سے مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر دو لاکھ 8 ہزار 366 ہوگئی ہے۔
وزارت نے بتایا  کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 کے زیرعلاج مریضوں میں سے طبی پیچیدگی کی وجہ سے تین اموات ہوئی ہیں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 711 ہوگئی۔
 وزارت نے عوام کو احتیاطی تدابیر کا سلسلہ جاری رکھنے اور سماجی فاصلے جیسے حفاظتی اقدامات کی پابندی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

کورونا ویکسین کی دس لاکھ  خوراکیں دینے کا سنگ میل عبور ہوگیا( فوٹو گلف نیوز)

دریں اثنا متحدہ عرب امارات میں شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو کورونا ویکسین کی دس لاکھ سے زائد خوراکیں دینے کا سنگ میل عبور کرلیا گیا۔ ویکسین کی 10 لاکھ 86 ہزار 568 خوراکیں دی گئی ہیں جبکہ ڈھائی لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین کی مطلوبہ دو خوراکیں بھی لگائی جاچکی ہیں۔
 وزارت صحت اور صحت حکام نے کووڈ 19 کی ویکسین فراہمی کی قومی مہم شروع کی ہے جس میں ملک کے تمام سرکاری اور نجی صحت اداروں کو ویکسین آفر کی جارہی ہے تاکہ وہ تمام شہریوں اور مقیم افراد کو یہ ویکسین مفت اور رضاکارانہ بنیادوں پر فراہم کرسکیں۔

شیئر: