Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہمیں چائے پانی پر ٹرخانا زیادتی ہے: مولانا فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قوم کے ووٹ پر ڈاکہ ڈال کرآنے والے ناجائز حکمران کو سہارا دینا جرم ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ اور جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قوم کے ووٹ پر ڈاکہ ڈال کرآنے والے ناجائز حکمران کو سہارا دینا جرم ہے۔
بٹ خیلہ مالاکنڈ میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب میں فوجی ترجمان کے بیان ’پنڈی آنے کی وجہ نظر نہیں آتی، کوئی آیا تو چائے پلائیں گے'‘ کے جواب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا ‘آج فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ فضل الرحمان کہتا ہے کہ ہم پنڈی آئیں گے اور جی ایچ کیو کے سامنے مظاہرہ کریں گے تو انہوں نے کہا کہ وہ آئیں ہم چائے پانی پلائیں گے۔ میں ان کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ خود تو پاپاجونز کے پیزے کھائیں اور ہمیں چائے پانی پہ ٹرخائیں یہ زیادتی ہے، یہ مہمانداری پھر نہیں ہے۔‘
 
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کی معیشت بی آرٹی کی طرح تباہ ہو گئی ہے۔ ’بتایا جائے فارن فنڈنگ کیس کو کیوں کئی سالوں سے لٹکایا ہوا ہے؟ مدعی چیخ رہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ کا سارا حساب اس کے سامنے ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عوام کا سیلاب نالائق حکمرانوں کو بہاکر لے جائیگا، قوم اپنی امانت واپس لے کر رہے گی، ہم خون کی سیاست نہیں مانتے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آئین کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، صوبوں کے عوام کے حقوق کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم ان سازشوں کا مقابلہ کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا مالا کنڈ میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ مہنگائی صرف اس لیے ہے کہ ہم پر سلیکٹڈ مسلط کیا گيا ہے جسے معیشت چلانے کا پتہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تو کہتے تھے نوے دن ميں کرپشن کا خاتمہ کردیں گے ، لیکن آج ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کہتا ہے کہ عمران کے دور میں پاکستان میں سب سے زيادہ کرپشن ہے۔

شیئر: