Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آٹھ دنوں سے سونے کی کان میں پھنسے کان کنوں کا پیغام: ’ادویات بھیج دیں‘

پھنسے ہوئے کان کنوں کا کہنا ہے کہ دواؤں، میڈیکل ٹیپ وغیرہ کی ضرورت ہے (فوٹو: اے ایف پی)
مشرقی چین میں سونے کی ایک کان میں تقریباً ایک ہفتے سے پھنسے کان کن اپنے بچاؤ کے لیے پیغامات بھیج رہے ہیں۔
آٹھ دن قبل، گذشتہ اتوار کو چین کے صوبہ شانڈونگ کے مشرق میں واقع کیژیا شہر کے قریب ایک کان میں دھماکہ ہوا تھا جس سے کان کے داخلی راستے سے چھ سو میٹر نیچے 22 کان کن پھنس کر رہ گئے تھے۔
تاہم پیر کو چین میں مقامی حکومت کا کہنا تھا کہ کئی دنوں تک کسی سے رابطہ ہوئے بغیر امدادی کارکنان نے اتوار کو ڈرلنگ کی اور ان کا کہنا تھا کہ انہیں ’کھٹکھٹانے کی آوازیں‘ سنائی دیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں مقامی حکومت کا کہنا تھا کہ پھنسے ہوئے کان کنوں کی جانب سے ایک لکھا ہوا پیغام اوپر بھیجا گیا جس میں انہوں نے بتایا کہ ان میں سے 12 ابھی تک زندہ ہیں۔
پیغام میں لکھا ہوا تھا کہ انہیں دواؤں، میڈیکل ٹیپ وغیرہ کی ضرورت ہے۔ ’تین لوگوں کو ہائی بلڈ پریشر ہے۔‘
پیغام لکھنے والے نے امدادی کارکنوں کو کہا کہ ان کی گاڑی سے بلڈپریشر کے علاج کے لیے دوائیں بھیج دیں اور بتایا کہ جہاں کان کن پھنسے ہیں وہاں بہت سارا پانی کھڑا ہے۔

پیغام میں لکھا تھا کہ کان کنوں میں سے 12 ابھی تک زندہ ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

اس میں یہ بھی لکھا تھا کہ چار لوگ زخمی بھی ہیں۔
’ہم امید کرتے ہیں کہ امدادی کارکنان رکیں نہیں تاکہ ہمارے پاس امید ہو۔‘
تاہم دیگر 10 کان کنوں کی حالت کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔
چین کے سرکاری چینل سی سی ٹی وی کی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امدادی کارکنان کھانے کے پارسل دھات کی تار کے ذریعے نیچے کان کنوں تک پہنچا رہے ہیں اور پھر انہوں نے جب تار واپس اوپر کھینچی تو اس میں پیغام لگا ہوا تھا۔   

شیئر: