Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ن لیگ کو کشمیری چائے اور مولانا کو حلوہ پیش کروں گا‘

اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا جلد فیصلہ سنایا جائے۔ فوٹو پی ایم ایل این
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ’پی ڈی ایم کا آج کا احتجاج دیکھنے کے بعد خواہش ہے کہ لانگ مارچ بھی جلدی کریں، آج اسلام آباد میں اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا ہوا تھا۔‘
منگل کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ احتجاج میں گاڑیاں زیادہ تھیں، لیڈر زیادہ تھے مگر بندے کم تھے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ بغیر کسی دباؤ کے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
یاد رہے کہ حزب اختلاف کی اتحادی جماعتیں پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ(پی ڈی ایم) نے آج منگل کے روز اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔
پی ڈیم ایم کے مطابق احتجاج کا مقصد الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالنا ہے کہ حکمران جماعت تحریک انصاف کی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد از جلد سنایا جائے۔
شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمن پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ ایک بار پھر ہاتھ ہو گیا ہے۔
انہوں نے بلاول بھٹو کا نام لیے بغیر کہا کہ ’وہ میرا جگر عمرکوٹ میں جشن منا رہا ہے۔‘
شیخ رشید کے بقول ’لانگ مارچ کے موقع پر ن لیگ والوں کو کشمیری چائے اور مولانا کو حلوہ پیش کروں گا۔‘
علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ  ہیں، بغیر کسی دباؤ کے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے پرعزم ہے۔
بیان کے مطابق عام انتخابات ہوں، سینیٹ، بلدیاتی یا ضمنی انتخابات ہوں، الیکشن کمیشن ان کے آزادانہ ،منصفانہ اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

تحریک انصاف پر ممنوع ذرائع سے فنڈز لینے کا الزام ہے۔ فوٹو پی ایم ایل این

فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے کہا کہ کورنا، وکلاء کی عدالتی مصروفیات اور سکروٹنی کمیٹی کے ایک ممبر کی ریٹائرمنٹ کے باوجود خاطر خواہ پیش رفت کی ہے
’سکروٹنی کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہفتے میں کم از کم تین دن اجلاس منعقد کرے تاکہ یہ کیس منطقی انجام تک پہنچ سکے۔‘
قبل ازیں کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزرا فواد چوہدری اور شیریں مزاری کے ہمراہ نیوز بریفنگ میں وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم این آر او کی تلاش میں ماری ماری پھر رہی ہے، آج اس کی ایک اور کوشش ناکام ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ احتجاج میں شریک نہ ہونے پر جڑواں شہروں کے مکینوں کے شکر گزار ہیں۔
شبلی فراز نے براڈ شیٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے اسے حقائق پر مبنی قرار دیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے مریم نواز کے ’انڈیا اور اسرائیل سے فنڈز‘ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ خدا کا خوف کریں اور جھوٹ بولنا بند کریں۔
انہوں نے مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہ ان کے والد انڈیا اپنے بیٹوں کو ساتھ لے کر گئے تھے اور کشمیری لیڈرشپ سے بھی نہیں ملے تھے، اسی طرح انڈین بزنس مین بھی شادی کے موقع پر ان کے گھر آئے تھے۔

شیخ رشید کے مطابق احتجاج میں گاڑیاں زیادہ تھیں مگر بندے کم تھے۔ فوٹو پی ایم ایل این

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شریف فیملی نے کرپشن کو آرٹ اور خود کو آرٹسٹ ثابت کیا۔
انہوں نے مریم نواز پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں داد دیتے ہیں کہ انہوں نے ہزار بارہ سو کے مجعے کو ڈیڑھ لاکھ سمجھ کر خطاب کیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مولانا کی تقریر سے لگ رہا تھا کہ وہ تنہائی کی اذیت کا شکار ہیں۔
فواد چوہدری نے انہیں مشورہ دیتے ہوئے کہا ’وہ کسی حکیم کے پاس جا کر ذہنی دباؤ کی دوا لیں۔‘
یاد رہے الیکشن کمشن کے سامنے پی ڈی ایم کے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا تھا کہ تحریک انصاف کو انڈیا اور اسرائیل نے پیسہ فراہم کیا تھا، اسی لیے وزیراعظم نے فارن فنڈنگ کیس کو دبائے رکھا.
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ساڑھے چھ سال سے فارن فنڈنگ کیس کو آگے نہیں بڑھنے دیا گیا۔

شیئر: