Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سمندری سیاحت کے شائقین کا مرکز بن گیا

فیملی اور فرینڈز گروپ کے لیے کئی سیاحتی پیکیج متعارف کرائے گئے ہیں- (فوٹو: ایس پی اے)
 سعودی عرب کا ساحلی شہر جدہ جسے بحیرہ احمر کی دلہن بھی کہا جاتا ہے۔ سمندری سیاحت کے شائقین کا مرکز بن گیا ہے۔
موسم سرما کے دوران منفرد سمندری سیاحت کے  پروگرام  ہو رہے ہیں جبکہ یہاں کے پہاڑی علاقوں میں خیموں کی سیاحت بھی  متعارف کرائی جا رہی ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق محکمہ سیاحت نے ’الشتا حولک‘ (موسم سرما تمہارے آس پاس) کے عنوان سے سیاحت کا پروگرام شروع کیا ہے۔ جدہ پرکشش ساحلوں اور خوبصورت قدرتی مناظر کے لیے مشہور ہے۔ 

جدہ میں سال بھر سمندری کھیلوں کی سہولیات مہیا رہتی ہیں- (فوٹو: ایس پی اے)

جدہ میں سال بھر سمندری کھیلوں کی سہولیات مہیا رہتی ہیں تاہم اس سال موسم سرما میں اس کا رواج عروج کو پہنچ گیا۔ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں سمندری کھیلوں کی تعداد اور رنگا رنگی میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔
سمندری سیاحت کے پروگرام شمالی شرم ابحر پر مختلف شکلوں میں ہورہے ہیں۔ یہاں سیاحت کے لیے آنے والوں کو مختلف سہولتیں دی جارہی ہیں۔ فیملی اور فرینڈز گروپ کے لیے تیراکی، غوطہ خوری، سمندری سیر سپاٹے، سمندری کھیلوں اور تیز رفتار بوٹس چلانے جیسے بہت سارے پیکیج متعارف کرائے گئے ہیں۔ 

جدہ پرکشش ساحلوں اور خوبصورت قدرتی مناظر کے لیے مشہور ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)

ان دنوں جدہ کا موسم معتدل ہے۔ یہ پہلو بھی سیاحوں کے لیے کشش کا باعث بنا ہوا ہے۔ یہاں اوسط درجہ حرارت 25 سینٹی گریڈ کے لگ بھگ ہے۔ 
پرائیویٹ سیکٹر سیاحتی پیکیج متعارف کرائے ہوئے ہے۔ بیشتر کی تفصیلات ’روح السعودیہ‘ ایپ اور ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ 
سعودی محکمہ سیاحت 17 سے زیادہ مقامات پر 300 سے زیادہ پیکیج متعارف کرائے ہوئے ہے۔ 200 سے زیادہ سیاحتی کمپنیاں مملکت بھر میں موسم سرما کے دوران سیاحتی پروگرام پیش کررہی ہیں۔ یہ پروگرام سعودی معاشرے کے تمام زمروں اور مقیم غیرملکیوں کے رجحانات کو مدنظر رکھ کر بنائے گئے ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: