Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیلاب کے وقت وادی عبور کرنے پر 5 ہزار ریال جرمانہ ہوگا

’سعودی کابینہ نے ٹریفک خلاف ورزیوں کی فہرست میں اضافہ کرنے کی منظوری دیدی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
بارش اور سیلاب کے وقت وادیوں اور نشیبی علاقوں کو عبور کرنا ٹریفک خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے جس پر 5 سے 10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق منگل کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں اس کی منظوری دی گئی ہے۔
کابینہ نے ٹریفک خلاف ورزیوں کے قانون میں ترمیم کرتے ہوئے خلاف ورزیوں کی فہرست نمبر 7 میں شق نمبر 6 کا اضافہ کیا ہے۔
مذکورہ شق کے مطابق اب بارش اور سیلابی ریلے کے وقت وادیوں ، نشیبی علاقوں اور سیلاب کی گزرگاہوں کو عبور کرنا خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
ایسا کرنے پر کم سے کم سے 5 ہزار ریال اور زیادہ سے زیادہ 10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے دیہی علاقوں میں سیلابی ریلے کے وقت وادی عبور کرنا بعض لوگوں کے نزدیک فخریہ سمجھا جاتا ہے۔ اس شوق کے باعث متعدد حادثات رونما ہوچکے ہیں ۔

شیئر: