Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیڈی ڈاکٹر کی اپنے والد کو کورونا ویکسین لگانے کی ویڈیو وائرل

سعودی حکومت کی جانب سے شہریوں اور غیر ملکیوں کے لیے مفت کورونا ویکسین لگانے کے لیے شروع کی جانے والی مہم کے دوران لیڈی ڈاکٹر کی اپنے والد کو ویکسین کی دوسری خوراک لگانے کی ویڈیو غیر معمولی طورپر وائرل ہو گئی ہے۔
 ویڈیو میں ویکسین لگوانے کے لیے آنے والے شہری نے سعودی حکومت کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’حکام کی جانب سے لوگوں کو اس مہلک وائرس سے بچانے کے لیے عظیم مہم شروع کی گئی ہے۔‘
شہری نے بتایا  کہ ’ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے بعد اب دوسری ڈوز لینے آیا ہوں جو میری بیٹی نے دی ، مجھے فخر ہے کہ میری بیٹی بھی اس ٹیم میں شامل ہے جو لوگوں کو اس مہلک بیماری سے بچانے کےلیے صف اول میں موجود ہے۔‘
بیٹی نے والد کو ویکسین لگانے کے بعد احترام میں ان کے سرپربوسہ دیا اور ان کے لیے لمبی عمر کی دعا کی۔  
ویکسین لینے کے بعد شہری کا کہنا تھا کہ ’مجھے کسی قسم کی کوئی تکلیف ہوئی اور نہ ہی کسی طرح کا خوف طاری ہوا انتہائی آرام سے تمام مراحل مکمل ہوگئے۔‘
واضح رہے کہ وزارت صحت کی جانب سے گزشتہ برس دسمبر میں ویکسینیشن مہم کا آغاز ریاض سے کیا گیا تھا بعدازاں جدہ اور مشرقی ریجن میں بھی سینٹرز قائم کیے گئے۔
ویکسین دو مراحل میں لگائی جا رہی ہے، پہلی ویکسین کے 21 دن بعد دوسری ڈوز لگائی جاتی ہے۔
ویکسین لگوانے لیے وزارت کی جانب سے جاری ایپ ’صحتی‘ پر خود کو رجسٹرکیا جانا لازمی ہے۔

شیئر: