Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چین 31 جنوری تک ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکیں پاکستان بھجوائے گا‘

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ان کی چینی خارجہ وانگ یی سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین کی طرف سے پانچ لاکھ خوراکوں پر مشتمل کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ 31 جنوری تک پاکستان پہنچ جائے گی۔
جمعرات کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قریشی نے کہا کہ ان کی چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، ’میں نے وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ان سے ویکیسن کے بارے میں بات کی۔‘
شاہ محمود قریشی کے بقول ’چینی وزیر خارجہ نے کہا جہاز بھجوائیں اور دوائی لے جائیں‘
ان کے مطابق چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ چین کے خصوصی تعلقات ہیں اور جن ممالک کی مدد کرنے کا پروگرام بنایا گیا تھا ان میں پاکستان پہلے نمبر پر تھا۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی بتایا کہ چین کی جانب سے ویکسین مفت فراہم کی جا رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چینی وزیر خارجہ سے مزید ایک اعشاریہ ایک ملین خوراکوں کی بات کی گئی تو انہوں نے یقین دلایا کہ فروری کے آخر تک وہ بھی فراہم کر دی جائیں گی۔

چین کی جانب سے پاکستان کو ویکسین مفت فراہم کی جا رہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

شاہ محمود قریشی نے اس امر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ پاکستان 220 ملین آبادی کا ملک ہے اس لیے مزید ویکسین کی ضرورت بھی پڑے گی۔
انہوں نے پاکستان میں جاری ویکیسن کے ٹرائلز کے حوالے سے بتایا کہ وہ کامیابی سے جاری ہیں اور ان کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔
اس حوالے سے چینی وزیر خارجہ سے یہ بات بھی کی گئی تو انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان میں ویکسین کی تیاری میں بھی مدد دی جائے گی۔

واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: