Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایئربیگ میں خرابی، فورڈ کمپنی کو 30 لاکھ گاڑیاں واپس منگوانا پڑ گئیں

کار ساز کمپنی نے سنہ 2017 میں ایک پٹیشن دائر کر کے ایئر بیگ بدلنے سے بچنے کی کوشش کی تھی (فوٹو: گیٹی امیجز)
امریکی ملٹی نیشنل کار ساز کمپنی فورڈ نے کہا ہے کہ ’وہ ایئربیگ کی خرابی کو درست کرنے کے لیے 30 لاکھ گاڑیوں کو واپس منگوا رہی ہے جس پر 6 کروڑ 10 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی۔‘
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکہ کی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن نے منگل کو فورڈ کمپنی کو ہدایت کی تھی کہ گاڑیوں میں ڈرائیور کی طرف لگے ایئربیگ کے انفلیٹر میں خرابی درست کی جائے۔
کار ساز کمپنی نے سنہ 2017 میں ایک پٹیشن دائر کر کے ایئر بیگ بدلنے سے بچنے کی کوشش کی تھی تاہم ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن نے اس کو مسترد کر دیا۔

 

فورڈ کی گاڑیوں ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ حادثات میں ایئربیگ انفلیٹرز کے ٹوٹ جائیں اور ان کے ٹکڑے اُڑ کر موت کا باعث بنیں۔
روئٹرز کے مطابق امریکہ کی تاریخ میں گاڑیوں کے پرزے کی خرابی درست کرنے کا یہ سب سے بڑا واقعہ ہوگا جہاں فورڈ کو 6 کروڑ 70 لاکھ انفلیٹرز تبدیل کرنے کے لیے واپس منگوانا ہوں گے۔ دنیا بھر میں 10 کروڑ انفلیٹرز جو 19 بڑے کار ساز اداروں نے اپنی گاڑیوں میں لگائے ہیں واپس منگوائے جا رہے ہیں۔
واپس منگوائی جانے والی گاڑیوں میں سے 27 لاکھ امریکہ میں ہیں جبکہ اس حوالے سے اخراجات فورڈ کمپنی اپنی چوتھی سہ ماہی کی رپورٹ میں جاری کرے گی۔
قبل ازیں گاڑیوں کی مسافر نشست کی طرف لگے ایئربیگ میں خرابی کو بھی درست کیا گیا تھا۔
فورڈ کمپنی نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ڈرائیور سائیڈ کے ایئر بیگ کو درست کرنے کے لیے گاڑیوں کو واپس منگوانا ضروری نہیں تاہم ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے اس پر عمل کریں گے۔‘
ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن نے مزدا موٹرز کو بھی ہدایت کی ہے کہ ’وہ سنہ 2007 تا 2009 بی سیریز کی پانچ ہزار 800 گاڑیوں کے ایئربیگ کو درست کرنے کے لیے واپس منگوائے۔‘
جن گاڑیوں کو واپس منگوایا جا رہا ہے ان میں سنہ 2006 تا 2012 ماڈل کے رینجر، فیوژن، ایج، لنکن زیفر، ایم کے زیڈ، مرکری میلان اور لنکن ایم کے ایکس گاڑیاں شامل ہیں۔

شیئر: