Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویب سیریز کے رجحان نے کئی اداکاروں کی سوچ بدل دی ہے: ودیا بالن

ودیا بالن کہتی ہیں کہ وہ ویب سیریزکرنے کے لیے تیار ہیں۔ (فائل فوٹو: انڈیا ٹی وی)
بالی وڈ کی نامور اداکارہ ودیا بالن مانتی ہیں کہ ویب سیریز اور فلموں (او ٹی ٹی پلیٹ فارمز) کے رجحان نے ان سمیت کئی اداکاروں کی سوچ بدل دی ہے کیونکہ اس کی وجہ سے گذشتہ 10 ماہ کے دوران انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں تبدیلی آئی ہے۔
’وہ اداکار جو اب تک ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے دور تھے انہوں نے بھی اپنی کیریئر کے بارے میں غور کرنا شروع کر دیا ہے۔‘
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ودیا بالن کا کہنا ہے'۔۔۔مجھے نہیں معلوم کہ یہ وبا کی وجہ سے ہے یا نہیں۔۔۔ بلکہ مجھے نہیں لگتا کہ اس کی وجہ وبا ہے۔ میرے خیال میں اس کو اپنی پہچان بنانے میں وقت لگا ہے اور ہمیں اصل میں اس کا پھل وبا کے دوران کھانے کو ملا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اب انہیں یقین ہے کہ وہ کسی بھی او ٹی ٹی (اوور دا ٹاپ) پراجیکٹ یعنی ویب سیریز یا فلم کا حصہ بننے کے لیے تیار ہوں گی۔ انہیں لگتا ہے کہ اس کام کے لیے یہ صحیح وقت ہے۔
ودیا بالن کی فلم 'شکنتلا دیوی' کو ریلیز ہونا تھا لیکن گذشتہ سال کی صورتحال کی وجہ سے اسے آن لائن ریلیز کرنا پڑا۔ ان کا ماننا ہے کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم کی کامیابی کی بہت سی وجوہات ہیں۔
’صرف اداکار ہی نہیں بلکہ سب ہی او ٹی ٹی کی طرف مثبت نظر سے دیکھ رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مختلف اقسام کا مواد پروڈیوس ہورہا اور دیکھا جا رہا ہے، اس کا مطلب ہے کہ یہ سب کے لیے ہے۔‘

ودیا بالن کی فلم 'شکنتلا دیوی' کو ٹھیٹرز میں رلیز ہونا تھا لیکن گذشتہ سال کی صورتحال کی وجہ سے اسے آن لائن رلیز کرنا پڑا۔ فوٹو: یوٹیوب

انہوں نے مزید کہا کہ اس کی وجہ سے نوکریاں بھی مل رہی ہیں، لوگوں کے لیے انڈسٹری میں کام بھی بہت ہے۔
ودیا بالن کا ماننا ہے کہ او ٹی ٹی کئی افراد کے لیے سکون کا باعث ہے جو کہ اپنی تیار فلمیں روک کر نہیں رکھ سکتے تھے۔
'۔۔۔ہمیں نہیں معلوم حالات کب معمول پر آئیں گے اور لوگ تھیٹر جانا شروع کریں گے۔ امید کرتے ہیں یہ جلد ہو، لیکن او ٹی ٹی نے ایک نیا راستہ کھول دیا ہے اور اس کا مطلب صرف خوش خبری ہوسکتا ہے۔‘

شیئر:

متعلقہ خبریں