Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملازمت پیشہ خواتین کو کب کب تنخواہ کے ساتھ چھٹی ملے گی؟

حاملہ خواتین 10 ہفتے کی بمعہ تنخواہ چھٹی حاصل کرسکتی ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت افرادی قوت نے ملازمت پیشہ خواتین کے لیے چھٹی کے چار نکات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  قانون کے مطابق ایسی خواتین جو ’امید‘ سے ہوں کو کن اوقات میں اور تنخواہ کے ساتھ کتنی چھٹی دی جائے گی۔ 
ویب نیوز’عاجل ‘ نے وزارت افرادی قوت کی جانب سے جاری گائیڈ بک جس کا عنوان ’ملازمین کے اہم حقوق اور واجبات‘ ہے میں خواتین کی چھٹی کے باب میں درج نکات کے حوالے سے وضاحت کی گئی ہے۔
گائیڈ بک میں درج نکات کے مطابق حاملہ خواتین 10 ہفتے کی بمعہ تنخواہ چھٹی حاصل کر سکتی ہیں تاہم 10 ہفتے کےعلاوہ مزید ایک ماہ کی چھٹی بغیر تنخواہ کے حاصل کی جا سکتی ہے۔ 
وزارت افرادی قوت کے قانونی نکات کے مطابق ملازمت پیشہ حاملہ خواتین کو 10 ہفتے کی بمعہ تنخواہ کی چھٹی کو تقسیم کرنے کا اختیار دیا جائے گا کہ وہ کتنے ہفتے کی چھٹی ولادت سے قبل حاصل کرتی ہیں اور کتنے دن ولادت کے بعد تاہم بعد از ولادت زیادہ سے زیادہ 4 ہفتے کی چھٹی تنخواہ کے ساتھ دی جائے گی جس میں ایک ماہ کی چھٹی بغیر تنخواہ کے اضافہ کیاجا سکتا ہے۔ 
ایسی صورت میں جب بچہ بیمار یا معذور پیدا ہو جس کی دیکھ بھال والدہ کے لیے ضروری ہوتو ولادت کے بعد ایک ماہ کی چھٹی بمعہ تنخواہ دی جائے گی اس کے علاوہ ایک ماہ کی چھٹی بغیر تنخواہ کے بھی اضافی حاصل کی جا سکتی ہے۔ 
ملازمت پیشہ خاتون کو بیوہ ہونے پر’عدت‘ کے ایام چار ماہ اور دس دن کی چھٹی بمعہ مکمل تنخواہ کے دی جائے گی۔

وزارت افرادی قوت نے گائیڈ بک میں ’ملازمین کے اہم حقوق اور واجبات‘ کی وضاحت کی ہے (فوٹو: الشرق الاوسط)

اگر بیوہ ہونے والی خاتون حاملہ ہونے کی صورت میں اسے یہ حق ہوگا کہ وہ ولادت تک کی چھٹی حاصل کرے۔ 
وزارت افرادی قوت کی جانب سے غیر مسلم ملازمت پیشہ خواتین کے بیوہ ہونے کی صورت میں انہیں یہ اختیار ہو گا کہ وہ 15 دن کی چھٹی بمعہ تنخواہ حاصل کر سکیں۔ 

شیئر: