ورلڈ ٹریول مارکیٹ لندن میں سعودی پویلین کا افتتاح
’نمائش میں سعودی عرب کو مرکزی شراکت دار کے طور پر نمایاں مقام حاصل ہے‘ ( فوٹو: سبق)
لندن کے میں منعقد عالمی سفری نمائش ’ورلڈ ٹریول مارکیٹ لندن 2025‘ میں سعودی پویلین کا افتتاح بھرپور شرکت کے ساتھ ہوا ہے جس میں 180 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے حصہ لیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس موقع پر سیاحت کے وزرا، ایئرلائنز، ہوٹل کمپنیوں کے سربراہان اور دنیا بھر کے سیاحتی مراکز کے اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔
نمائش میں سعودی عرب کو مرکزی شراکت دار (مین پارٹنر) کے طور پر نمایاں مقام حاصل ہے جو عالمی سیاحت کی صنعت میں سعودی عرب کی تیزی سے بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
یہ لندن کی سالانہ سب سے بڑی سفری و سیاحتی نمائشوں میں سے ایک ہے جس میں 45 ہزار سے زائد ماہرین اور دلچسپی رکھنے والے افراد اور 5 ہزار سے زیادہ معروف نمائش کنندگان اور خریدار شرکت کرتے ہیں۔
یہ ایونٹ عالمی سطح پر تجربات کے تبادلے، شراکت داریوں کے قیام اور سیاحت کے جدید رجحانات کے مطالعے کا ایک اہم پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے۔
نمائش کے مرکز میں سعودی پویلین نے اپنی شان دار اور پرکشش موجودگی سے زائرین، صحافیوں اور سرمایہ کاروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔
اس کا جدید ڈیزائن سعودی ثقافت کی روح اور سعودی عرب کے جغرافیائی تنوع کی عکاسی کرتا ہے۔
سعودی سیاحت اتھارٹی کے زیرِ اہتمام پویلین میں 70 سے زیادہ سعودی ادارے شریک ہیں جن میں وزارتیں، قومی ادارے اور معروف نجی کمپنیاں ہیں جو رہائش، ہوابازی اور تفریح کے شعبوں میں سرگرم ہیں۔
پویلین میں نیوم، بحیرہ احمر اور درعیہ جیسے بڑے منصوبوں کے علاوہ سعودی عرب کے 14 سیاحتی مقامات کا تعارف بھی پیش کیا گیا ہے۔
سعودی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے ہیں جن کا مقصد مشترکہ تشہیر، سیاحتی مصنوعات کی ترقی اور یورپی و برطانوی مارکیٹوں سے مزید سیاحوں کی توجہ حاصل کرنا ہے۔