Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ سے لاہور آنے والے مسافروں میں ’کورونا کی نئی قسم کا شبہ‘

گذشتہ برس برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ سے لاہور آنے والے 24 سے زیادہ مسافروں میں کورونا وائرس کی نئی قسم دریافت ہونے کی اطلاعات آئی ہیں۔
اس حوالے سے منگل کو مقامی میڈیا میں خبریں گردش کر رہی ہیں تاہم پنجاب کے محکمہ صحت نے ان خبروں کی تصدیق نہیں کی ہے۔
پنجاب کے سیکرٹری برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیپٹن ریٹائر عثمان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’گزشتہ دو ہفتوں میں پنجاب کے مختلف شہروں میں 1144 مسافر برطانیہ سے آئے ہیں۔ ان تمام مسافروں کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں 15 کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ ہم نے فوری طور پر ان افراد کو قرنطینہ کر دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام مسافر بظاہر ٹھیک ہیں اور ان میں کسی بھی طرح کی خطرناک علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں۔
کیپٹن ریٹائر عثمان کے مطابق ’ابھی ہم اس بات کا تعین نہیں کر پائے کہ ان مریضوں میں کورونا کی کون سی قسم ہے اور وہ برطانیہ میں ظاہر ہونے والی نئی قسم کا شکار ہیں یا نہیں۔ اس لیے اس بات کی جانچ کے لیے ان کی جین سیکونسنگ ہو گی۔ اس کے لیے ان کے نمونے این آئی ایچ اسلام آباد بھجوا دیے ہیں۔ ہم نے یہ اقدامات شبے کے طور پر کیے ہیں۔ جب تک حتمی نتائج نہیں آجاتے کچھ کہنا ممکن نہیں۔‘
محکمہ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق اس وقت صوبہ بھر میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سات سو نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

شیئر: