Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بے رحمانہ تبصروں سے ڈپریشن کا شکار مت کریں‘

ثنا خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ کچھ لوگوں کی طرف سے ان کے بارے غلط باتیں پھیلائے جانے پر افسردہ ہیں (فوٹو: ثنا خان انسٹاگرام)
شوبز کو خیرباد کہنے والی بالی وڈ کی اداکارہ ثنا خان جن کی دو ماہ قبل مفتی انس سید کے ساتھ شادی ہوئی تھی، کی انسٹاگرام پوسٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ اپنے ماضی سے متعلق بنائی جانے والی ویڈیوز سے کافی دلبرداشتہ ہیں۔
انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا ہے کہ وہ زندگی میں آگے بڑھ جانے کے باوجود کچھ لوگوں کی طرف سے ان کے بارے غلط باتیں پھیلائے جانے پر افسردہ ہیں۔
ثنا خان نے لکھا ہے کہ ’کچھ لوگ بہت عرصے سے میرے حوالے سے منفی ویڈیوز بنا رہے ہیں لیکن میں برداشت کرتی رہی۔ مگر اب ایک شخص نے اپنی ویڈیو میں میرے ماضی کے بارے میں بہت غلط باتیں کی ہیں۔ کیا آپ کو معلوم نہیں کہ جب انسان توبہ کر چکا ہو تو پھر اس کو ماضی کی باتوں کے بارے میں احساس دلانا گناہ ہے؟ میں اس وقت بہت دلبرداشتہ ہوں۔‘
ثنا نے یہ بھی لکھا کہ ’میں اس شخص کا نام نہیں لینا چاہتی کیونکہ میں وہ نہیں کرنا چاہتی جو اس نے میرے ساتھ کیا لیکن یہ بہت غلط ہے۔ اگر آپ کسی کی حمایت نہیں کر سکتے تو خاموش رہیے۔ اپنے ایسے بے رحمانہ تبصروں سے کسی کو ڈپریشن کا شکار نہ کریں نہ ہی انہیں اپنے ماضی کے بارے میں بار بار شرمندگی محسوس کرائیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’بعض اوقات آپ توبہ کر کے آگے بڑھ جاتے ہیں لیکن کچھ میرے جیسے بھی ہوتے ہیں جو ایک وقت پر یہ سوچتے ہیں کہ کاش میں دوبارہ واپس اپنے ماضی میں لوٹ کر کچھ چیزوں کو ھیک کر سکتی۔ براہ مہربانی لوگوں کو وقت کے ساتھ بدلنے دیجیے۔‘

شیئر: