Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں شامی گلوکارہ اصالہ نصری کے 60 لاکھ ڈالر کے زیورات چوری

گلوکارہ ایم جی ایم گرینڈ ہوٹل میں قیام پذیر تھیں جہاں سے زیورات غائب ہوئے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
شام کی مشہور گلوکارہ اصالہ نصری کے قریباً 60 لاکھ ڈالر کے زیورات امریکہ میں چوری ہو گئے جس پر پولیس حرکت میں آ گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ اطلاع امریکہ کے شہر ڈیٹرائٹ کے فاکس تھیٹر میں ہونے والے کنسرٹ کے ایک ہفتے سامنے آئی ہے۔
اس بارے میں گلوکارہ کا کہنا ہے کہ وہ ڈیٹرائٹ کے ایم جی ایم گرینڈ ہوٹل میں قیام پذیر تھیں، جہاں سے ان کے زیورات غائب ہوئے۔
اصالہ نے کہا کہ وہ ہوٹل پہنچنے کے بعد تیار ہوئیں اور اپنے زیورات تبدیل کرکے کنسرٹ کے لیے روانہ ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ سفر کے دوران وہ اپنے زیورات خود ساتھ رکھتی ہیں کیونکہ انہیں ان کی حفاظت کی فکر رہتی ہے۔
گلوکارہ کے مطابق وہ زیورات ان کے لیے خاصی جذباتی اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ ان میں سے کچھ خاندان کے ورثے میں ملے ہیں جبکہ کچھ بچوں، شوہر اور دوستوں کی جانب سے تحائف کی شکل میں دیے گئے ہیں۔
’یہ امریکہ کے دورے کا آخری شو تھا، کنسرٹ کے بعد میں تھکی ہوئی تھی اور کمرے میں آتے ہی سو گئی اگلی صبح جب اپنا بیگ کھولا تو زیورات کا ڈبہ غائب تھا۔‘
گلوکارہ کا کہنا تھا کہ اس پر وہ کافی پریشان ہوئیں اور پولیس کو اطلاع دی جس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔
’میں یقیناً اس پر بہت دکھی ہوں کیونکہ ان میری ان چیزوں کے ساتھ جذباتی وابستگی تھی۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ رپورٹ کے بعد پولیس متحرک ہوئی اور مختلف مقامات کی تلاشی کےعلاوہ سٹاف سے بھی پوچھ گچھ کی تاہم ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد ابھی تک کوئی مثبت خبر نہیں ملی ہے۔
انہوں نے اس اطلاع کو پہلے منظر عام پر نہ لانے کے حوالے سے بتایا کہ وہ نہیں چاہتی ہیں کہ کوئی ایسی خبر سامنے آئے جو ان کے دورے پر اثرانداز ہو اور انہیں یقین بھی تھا کہ پولیس زیورات ڈھونڈ لے گی۔
امریکہ کے شہر ڈیٹرائٹ کے ریکارڈ کے مطابق پچھلے کچھ عرصے میں چوری سے متعلق جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے جو کہ ریاست مشی گن کی مجموعی شرح کے مقابلے میں بھی زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق گلوکارہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے ڈیٹرائٹ پولیس سے رابطہ کر کے تحقیقات کے بارے میں جاننے کی کوشش کی گئی تاہم وہاں سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

شیئر: