Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین مشیر کی ’تھری ایڈیٹس‘ اور ویب سیریز سے مثالیں

سبرامنیم نے تھری ایڈیٹس اور ایک ٹی وی سیریز میں فلمائے گئے مختلف مناظر بطور مثال پیش کیے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے چیف اکنامک ایڈوائزر کرشنا مورتھی سبرامنیم نے قومی اقتصادی سروے کے نتائج کی وضاحت کو آسان طریقے سے سمجھانے کے لیے مشہور فلموں کی مثالیں دی ہیں۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق سبرامنیم نے جمعے کو صحت کے اخراجات میں اضافے اور غربت سے نمٹنے کے لیے معاشی نمو پر توجہ دینے کے لیے 2009 کی مشہور فلم ’تھری ایڈیٹس‘ اور 1980 کی مقبول ٹی وی سیریز‘Malgudi day’ میں فلمائے گئے مختلف مناظر بطور مثال پیش کیے۔
اداکار عامر خان کی مشہور فلم ‘تھری ایڈیٹس‘ میں فرحان اور رانچو کے راجو کے گھر کھانا کھانے والے منظر کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’جب وہ کھانا کھانے کے دوران راجو کی ماں سے بات چیت کرتے ہیں تو اس دوران وہ راجو کے دوستوں کو بتاتی ہیں کہ تنخواہ کا ایک بڑا حصہ راجو کے والد کے طبی اخراجات کی نذر ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے گھر کے باقی اخراجات کے لیے معقول رقم نہیں بچ پاتی اور وہ راجو کی بہن کی شادی کی تیاری بھی نہیں کر پا رہیں۔
سبرامنیم نے کہا کہ اگرچہ فلم میں یہ سین بہت مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا ہے مگر انڈیا میں ایسے بہت سے خاندان ہیں جن کو حقیقت میں اس صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
صحت کی دیکھ بھال پر حکومتی اخراجات اور اوسط کنبے کی مالی اعانت کے درمیان تعلق واضح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘صحت کے اخراجات کو اگر چھوٹی سطح پر آپ تھوڑا سا بھی بڑھا دیتے ہیں تو اس سے اوپر کے اخراجات پر بہت زیادہ اثر پڑتا ہے۔
چیف اکنامک ایڈوائزر نے ٹی وی سیریز ’‘Malgudi day کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو سوامی کا کردار یاد ہوگا جو ریاضی میں بہت اچھا تھا۔ اس لیے ہمیشہ ریاضی کے امتحان میں 100 میں سے 100 نمبر لیتا تھا لیکن اس کا دوست شنکر 100 میں سے 60 نمبر ہی لے پاتا تھا۔ اس کے استاد سوامی کے 20 نمبر لے کر شنکر کو دے دیتے اور سوامی سے کہتے کہ مجھے رزلٹ میں فرق پسند نہیں اس لیے میں چاہتا ہوں کہ تم دونوں 80 نمبر ہی لو۔
کرشنا مورتھی سبرامنیم نے مزید کہا کہ ’کیا آپ سمجھتے ہیں کہ یہ برابری ہی چاہیے تھی؟ انڈیا کو ترقی پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ایسی پالیسیاں بن سکیں جو لوگوں کو غربت سے نکالیں۔‘

شیئر: