Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان میں کورونا ویکسین لگانے کی مہم بدھ سے شروع ہوگی‘

سائنو فارم ویکسین کی پہلی کھیب پاکستانی فضائیہ کے خصوصی طیارے کے ذریعے پیر کو پاکستان پہنچ گئی (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ حکومت اگلے تین ہفتوں کے اندر تین لاکھ فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو کورونا ویکیسن لگانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
فیصل سلطان نے عرب نیوز کو بتایا کہ ویکیسن لگانے کی مہم اس ہفتے بدھ سے شروع کی جائے گی۔
ان کے مطابق پہلے فیز کی ویکسینیشن مہم میں دو سے تین ہفتے لگیں گے۔

 

پیر کو چین سے سائنو فارم ویکسین کی پہلی کھیب پاکستانی فضائیہ کے خصوصی طیارے میں پاکستان پہنچ گئی ہے۔
خیال رہے حکومت پہلے سے ہی ویکیسن لگانے کے لیے تین لاکھ فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو رجسٹرڈ کر چکی ہے۔
پہلے فیز میں ہیلتھ کیئر ورکرز کو ویکیسن لگائی جائے گی جب کہ دوسرے فیز میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ دوسرے فیز کے بعد عام پبلک کے لیے ویکسین فراہم کی جائے گی۔
حکومت پاکستان چین سے بارہ لاکھ خوراکوں پر مشتمل ویکسین کی دوسری کھیب بھی جلد وصول کرے گی۔ پاکستان نے کویکس سے بھی ویکیسن کی ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں حاصل کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔
کویکس کے پروگرام کے تحت اسٹرا زنیکا ویکسین کی 60 لاکھ خوراکیں اس سال کی پہلی سہ ماہی کے اندر پاکستان کو مل جائیں گی جب کہ باقی خوراکیں سال کے وسط تک مل جائیں گی۔
قبل ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ویکسین کی آمد پر ملک بھر میں ایک جامع انتظامی حکمت عملی، اور انتظامی اقدامات کو پہلے ہی حتمی شکل دی جا چکی ہے۔
بیان میں بتایا گیا تھا کہ اسلام آباد میں ویکسین محفوظ کرنے کے لیے اور مختلف وفاقی اکائیوں بالخصوص سندھ اور بلوچستان میں ویکسین پہنچانے کی تمام ضروری کارروائیاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ صوبائی اور ضلعی سطح پر ویکسین لگانے کے مراکز، معاون مراکز اور بالغ ویکیسن مراکز کے ساتھ ویکسین کا مرکزی دفتر این سی او سی اسلام آباد میں قائم کیا گیا ہے۔

شیئر: