Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی پاکستان سمیت 20 ملکوں پر سفری پابندی آج سے

’کسی کو بھی تین فروری 2021 بدھ کو رات نو بجے سے سعودی عرب آنے کی اجازت نہیں ہوگی (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے بدھ تین فروری سے نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاکستان سمیت بیس ملکوں پر عارضی سفری پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’سعودیوں، سفارت کاروں، صحت کارکنان اور ان کے اہل خانہ کے سوا تمام افراد کے سعودی عرب آنے پر عارضی پابندی لگا دی گئی ہے۔‘
’یہ پابندی 20 ممالک سے آنے والے مسافروں پر عائد کی گئی ہے۔ ان میں پاکستان، انڈیا، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک شامل ہیں‘۔ 
سعودی وزارت داخلہ نے منگل کو بیان میں کہا ہے کہ ’سعودی شہریوں، سفارت کاروں، صحت کارکنان اور ان کے اہل و عیال کے سوا کسی کے بھی مملکت میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس پابندی کا نفاذ بدھ تین فروری 2021 کو رات نو بجے سے ہوگا‘۔

 

’ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 20 ملکوں سے آنے والے افراد کے داخلے  پر پابندی عائد کی گئی ہے‘۔
وزارت داخلہ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ ’13 جنوری 2021 کو فیصلہ کیا گیا تھا کہ کووڈ 19 کی وبا کے جاری رہنے کی وجہ سے مقامی شہریوں کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں ہوگی‘۔  
وزارت داخلہ نے نئی تبدیلیوں کے پیش نظر فیصلہ کیا ہے کہ ’سعودی شہریوں، سفارت کاروں، صحت کارکنان اور ان کے اہل و عیال کے سوا کسی کو بھی تین فروری 2021 بدھ کو رات نو بجے سے سعودی عرب آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ پابندی 20 ممالک سے آنے والوں پر لگائی گئی ہے‘۔
 ’ارجنٹائن، متحدہ عرب امارات، وفاقی جرمنی، امریکہ، انڈونیشیا، آئرلینڈ، اٹلی، پاکستان، برازیل، پرتگال، برطانیہ، ترکی، جنوبی افریقہ، سویڈن، سوئٹزرلینڈ، فرانس، لبنان، مصر، انڈیا اور جاپان سے سعودی عرب آمد پر پابندی لگا دی گئی ہے‘۔  
وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ ’اگر کسی اور ملک کے باشندے مملکت آنے سے 14 دن کے اندر مذکورہ ممالک میں سے کسی ایک ملک میں گئے یا وہاں سے گزرے ہوں گے انہیں بھی سعودی عرب آنے کی اجازت نہیں ہوگی‘۔

جن ممالک پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں انڈیا، امارات، جرمنی، امریکہ اور دیگر ممالک شامل ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ ’مذکورہ ممالک سے آنے والے سعودیوںِ، سفارت کاروں، صحت کارکنان اور ان کے اہل و عیال کو وزارت صحت کے مقرر کردہ حفاظتی ضوابط کے مطابق مملکت آنے دیا جائے گا‘۔
’مستثنٰی زمروں میں شامل ان افراد کو بھی سعودی عرب آنے کی اجازت ہوگی جو مملکت آنے سے قبل مبینہ ملکوں میں سے کسی ایک ملک آئے اور گزرے ہوں اوراس پر چودہ دن نہ گزرے ہوں‘۔ 
اس سے قبل جمعے کو سعوی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ ’کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافے کے  پیش نظر ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے آمد و رفت کے حوالے سے مکمل سفری پابندیوں کے خاتمے کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے‘۔
’اب 31 مارچ کے بجائے 17 مئی 2021 سے سفری پابندیاں ختم کی جائیں گی‘۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ’سعودی شہریوں کے مملکت سے جانے اور واپس آنے اور ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے آمد و رفت کا شیڈول  تبدیل کردیا گیا ہے‘۔
’اب سفری پابندیاں پیر 17 مئی 2021 سے مکمل ختم کی جائیں گی جبکہ اس سے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ 31 مارچ 2021 سے سفری پابندیاں ختم کردی جائیں گی۔‘

شیئر: