Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بین الاقوامی مسافروں کے سعودی عرب میں داخلے پر پابندی کی مدت میں توسیع

بحیرہ احمر کے کنارے جدہ کی بندرگاہ کے قریب ایک شہری سائیکل چلا رہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
سعودی عرب نے بین الاقوامی مسافروں کے مملکت میں داخلے کی پابندی کی مدت میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کر دی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پابندی میں توسیع کا فیصلہ دنیا کے کئی ملکوں میں وائرس کی تبدیل شدہ شکل سامنے آنے کے بعد احتیاطی تدابیر کے تحت کیا گیا ہے۔ 
بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض غیر معمولی کیسز میں استثنیٰ بھی ہوگا جبکہ غیر ملکی شہریوں کو سعودی عرب سے واپس جانے کی بھی اجازت ہوگی۔

 

وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اگر ضروری ہوا تو سفری پابندیوں کی مدت میں مزید توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔
کورونا وائرس کی نئی لہر اور تبدیل شدہ شکل کے کیسز رواں ماہ کے آغاز پر برطانیہ میں سامنے آئے تھے اور مشرق وسطیٰ سمیت دنیا کے کئی ملکوں تک پہنچ چکے ہیں۔ 
کورونا وائرس کی نئی لہر اور تبدیل شدہ شکل کے کیسز رواں ماہ کے آغاز پر برطانیہ میں سامنے آئے تھے اور مشرق وسطیٰ سمیت دنیا کے کئی ملکوں تک پہنچ چکے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اتوار کو اردن میں برطانیہ سے آنے والے ایک مسافر اور ان کی اہلیہ میں وائرس کی تبدیل شدہ شکل کی تصدیق کی گئی۔
اس سے قبل لبنان نے کہا تھا کہ جمعے کو لندن سے آنے والی ایک پرواز کے مسافر میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
دنیا کے 50 سے زائد ملکوں نے تبدیل شدہ کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد برطانیہ سے سفر کرنے والے مسافروں پر پابندیاں عائد کی ہیں۔

شیئر: