Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ویمنز فٹ بال لیگ کی ٹیلی وژن پر کوریج

نومبر میں ریاض،جدہ، دمام کی فٹبال ٹیموں نے چیمپیئنز ٹرافی میں حصہ لیا۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی اسپورٹس فار آل فیڈریشن ’’ایس ایف اے‘‘ کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر شیمہ الحسینی نے کہا ہے کہ ویمنز فٹ بال لیگ جلد ٹیلیویژن پر نشر کی جا سکے گی۔
شیمہ الحسینی نےسعودی عرب کے معروف اخبار الشرق الاوسط سےگفتگو کے دوران بتایا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ امسال 2021 کے دوران خواتین فٹبال لیگ کے دوسرے ایڈیشن کو میڈیا کوریج کے تناظر میں مزید وسعت دی جائے۔
ہم میڈیا کے شعبے میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ اس امر پر کام کریں گے کہ اس فٹبال لیگ کو ٹیلیویژن پر کس طرح نشر کیا جا ئے۔

خواتین فٹبال ٹرافی میں ونر ٹیم کو ڈیڑھ لاکھ ریال کا انعام دیا گیا۔(فوٹو ٹوئٹر)

25 سالہ ٹیچر لولوہ الغبائش کے مطابق انہوں نے فٹبال سے محبت کے ماحول میں پرورش پائی اور وہ مملکت میں اس خبر کی خوشی منانے والی فٹبال کی مداح خواتین میں سے ایک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’’میں یہ خبر سن کر بہت خوش ہوں ، میں ذاتی طور پراس وقت سے فٹبال میچز دیکھ رہی ہوں جب میں چھوٹی تھی۔
میرے والد  سعودی عرب کی الاتحاد فٹبال کلب کے لئے کھیلتے تھے اور میں ’’الاتحاد‘‘ کی مداح ہوں۔ مجھے فٹ بال پسند ہے اور میں باقاعدگی سے  میچ دیکھتی ہوں۔

مداحوں کو امید ہے کہ ہماری ٹیم خواتین کے فٹبال ورلڈ کپ تک پہنچے گی۔(فوٹو عرب نیوز)

لولوہ الغبائش نے کہا کہ یہ 2021 ہے، ہر چیز میں ترقی ہو رہی ہے اور مملکت میں خواتین کے لئے فٹ بال دلچسپ خبر ہے۔
میں اپنے ملک سے بے حد پیار کرتی ہوں۔ ہرچیز بہتری کے لئے بدل رہی ہے۔ خواتین ڈرائیونگ کررہی ہیں ، وہ اب گولف کھیل رہی ہیں ، خواتین بہت کچھ کررہی ہیں۔
26 سالہ فارمیسی گریجویٹ بسمہ سعیدی بھی فٹ بال سے محبت کرنے والے خاندان میں پلی بڑھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گھر میں اعلیٰ معیاری اوقات کا ایک حصہ وہ ہوتا ہے جب ہم سب مل کر ایک خاندان کے طور پر فٹبال میچ دیکھتے ہیں۔
اس مرتبہ میں خواتین کی ٹیموں کیلئے اظہار مسرت کرتے ہوئے بہت پرجوش ہوں۔
انہوں نے سعودی وژن 2030 کی سماجی اصلاحات کے تحت خواتین کی ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ حالیہ برسوں کے دوران مملکت کے مختلف شعبوں میں سعودی خواتین کے آگے بڑھنے کے حوالے سے بڑی حمایت کی گئی ہے۔ سچ یہ ہے کہ میں آج اس کی توقع نہیں کر سکتی تھی لیکن فٹ بال کی مداح کے طور پر اپنی بہنوں کے لئے اس عظیم پیشرفت پر مجھے بہت خوشی ہے اور مجھے امید ہے کہ وہ ورلڈ کپ تک پہنچ جائیں گی۔
گزشتہ نومبر میں ریاض ، جدہ اور دمام میں قائم 24 سے زیادہ  فٹبال ٹیموں نے چیمپیئنز ٹرافی کے مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔
اس مقابلے میں ریاض فٹ بال ٹیم نے ٹرافی جیتی تھی اور ساتھ ہی ٹیم کو ڈیڑھ لاکھ ریال کا انعام بھی دیا گیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں دوسری پوزیشن جدہ ایگلز نے حاصل کی تھی۔
 

شیئر: