Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریستورانوں میں جمعرات کی رات سے ٹیبل سروس پر پابندی کا نفاذ

القصیم میونسپلٹی نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 14 ادارے سیل کیے- (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے تمام شہروں کے ہزاروں ریستورانوں اور قہوہ خانوں میں ٹیبل سروس پر پابندی جمعرات رات دس بجے سے نافذ کردی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں نو ہزار 623 قہوہ خانوں اور ریستورانوں میں پابندی پر عمل درآمد کیا گیا ہے۔ یہ ریستوران اور قہوہ خانے ریاض شہر سمیت ریجن کے تمام شہروں اور قصبوں میں واقع ہیں۔ ٹیبل سروس پر پابندی کورونا وائرس سے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو بچانے کے لیے لگائی گئی ہے۔
ریاض میونسپلٹی نے بتایا کہ جمعرات کی رات دس بجے سے 6 تجارتی سرگرمیوں پر پابندی لاگو کردی گئی- اس کے تحت  143 شادی گھر، 1401 ہوٹلوں کے ہالز، 116 تفریحی مراکز، چالیس گیمز مراکز، 632 سپورٹس سینٹرز اور 9 سینما گھر شامل ہیں-
ریاض میونسپلٹی نے انتباہ دیا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات ہوں گے۔ خلاف ورزی پر انتہائی سزا دی جائے گی۔ پورے ہفتے چھاپہ مہم ہنگامی بنیاد پر چلائی جائے گی۔
ریاض میونسپلٹی نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی کہ وہ جہاں بھی ایس او پیز کی خلاف ورزی دیکھیں فورا 940 پر رابطہ کرکے مطلع کریں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق القصیم میونسپلٹی نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 14 ادارے سیل کیے ہیں۔

ڈریس کوڈ کی پابندی نہ کرنے پر بھی کارروائی کی گئی- (فوٹو سبق)

سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ میونسپلٹی نے ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے پر 25 قہوہ خانے اور تجارتی ادارے سیل کردیے جبکہ مقررہ ڈریس کوڈ کی پابندی نہ کرنے پر کارکنان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی نے ترجمان محمد البقمی نے بتایا کہ میونسپلٹی نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 19 بلدیاتی کونسلوں کے دائرے میں آنے والے تجارتی مراکز پر چھاپے مار کر 104 کو سیل کردیا۔ ان میں سے  3 مشہور تجارتی مراکز ہیں۔ انسپکٹرز نے 380 چھاپے مارے۔
جدہ میونسپلٹی نے پھر پورے شہر میں سینیٹائزنگ بڑے پیمانے پر شروع کی ہے۔
سعودی عرب میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے وزارت داخلہ کی جانب سے جن ایس او پیز کا اعلان کیا گیا تھا ان پرعملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
 اخبار 24 کے مطابق30 روز تک شادی تقریبات اور کمپنیوں کے پروگرام معطل  رہیں گے پابندی میں توسیع بھی ہوسکتی ہے۔

جگہ جگہ انتباہی بورڈ بھی لگائے  جارہے ہیں- (فوٹو ایس پی اے)

سماجی پروگراموں میں 20 سے زیادہ افراد شریک نہیں ہوسکتے، یہ دس دن تک پابندی رہے گی توسیع ہوسکتی ہے۔
تمام تفریحی پروگرام دس روز کے لیے معطل ہیں، پابندی میں توسیع کا امکان ہے۔
سینما گھر اور انڈور تفریحی مراکز، گیمز کے مقامات، شاپنگ سینٹر اور سپورٹس سینٹر دس روز تک بند رہیں گے مزید توسیع ہوسکتی ہے۔
کورونا ایس او پیز کی پابندی کرانے کے لیے نگراں ٹیمیں بڑے پیمانے پر چھاپہ مہم چلائیں گی۔

وزارت بلدیات ریستورانوں اور قہوہ خانوں کی کڑی نگرانی کررہی ہے- (فوٹو ایس پی اے)

وزارت بلدیات و دیہی آبادیاتی امور نے پابندیوں پر عمل درآمد کے لیے فیلڈ ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔
وزارت بلدیات و دیگر نگراں ادارے ریستورانوں اور قہوہ خانوں کی کڑی نگرانی  کریں گے۔ سی سی کیمرے نصب کیے جارہے ہیں۔ جگہ جگہ انتباہی بورڈ بھی لگائے جارہے ہیں۔
قبرستانوں میں جنازے کی نماز چوبیس گھنٹے میں کسی بھی وقت ادا کی جاسکتی ہے۔ یہ سہولت بھیڑ بھاڑ کو روکنے کے  لیے دی جارہی ہے۔ قبرستانوں میں جنازے کی نماز کی جگہیں متعین ہیں۔ ایک قبر سے دوسری قبر کے درمیان تقریبا سو میٹر کا فاصلہ رکھا جائے گا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: