Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

توکلنا پر رجسٹریشن کے لیے رش کے باعث رسائی میں مشکلات کا سامنا

بہت سے لوگوں کو مختلف سٹورز کے دروازوں کے باہر کھڑے ہونا پڑا۔(فوٹو العربیہ)
سعودی عرب  میں توکلنا موبائل فون ایپلی کیشن تک رسائی حاصل کرنے کے لئے صارفین کی بڑی تعداد کوششیں کر رہی ہے۔ رجسٹریشن کے لیے لیے رش کے باعث صارفین کو رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب میں محکمہ صحت نے گزشتہ برس کورونا وائرس سے متعلق معلومات اور مدد کے لیے توکلنا ایپ کا آغاز کیا تھا۔
اب توکلنا ایپلی کیشن میں کورونا ویکسینیشن سے متعلق معلومات شامل کر کے اسےاپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔

ایپ میں معلومات ہیں کہ ویکسین لگی ہے یا کورونا وائرس میں مبتلا تو نہیں۔(فوٹو عرب نیوز)

اس میں کسی فرد کی صحت کے متعلق معلومات درج کی جا سکتی ہیں۔ مثلاً اسے ویکسین لگائی گئی ہے یا یہ شخص کورونا وائرس میں مبتلا ہوا یا نہیں۔
اب یہ ایپ کورونا پاسپورٹ کے طور پر بھی کام کررہی ہے۔ عوام کو اس ایپلی کیشن کے لئے رجسٹریشن کرانے کیلئے کہا گیا ہے کیونکہ عوامی مقامات جیسے مالز، دکانوں اور ریستورانوں میں داخلے کی اجازت کے لئے ضروری قرار دے دیا گیا ہے۔
اس ایپلی کیشن کو صارفین کی بڑی تعداد نے موبائل فون پر ڈاؤن لوڈکیا جس کے باعث تکنیکی مسائل پیدا ہوگئے ہیں۔
بعض لوگ اپنے گھرسے ہی سسٹم میں اپنی رجسٹریشن کراسکتے تھے لیکن ایک بار جب کسی نے ڈاون لوڈ کرنے کے لیے پروفائل کھولنے کی کوشش کی تو پروگرام ہوم پیج پر واپس آگیا اور وہ مطلوبہ معلومات حاصل کرنے سےقاصر رہے۔

عوامی مقامات اور ریستورانوں میں داخلے کی اجازت کے لئے یہ ضروری ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

نتیجے کے طور پر بہت سے لوگ مختلف مالز اور روزمرہ استعمال کی اشیا خریدنے کے لیے مختلف سٹورز کے داخلی دروازوں کے باہر کھڑے ہونا پڑا اور وہ موبائل کے ذریعے اس ایپ کو ڈاون لوڈ کی کوشش کرتے رہے۔
ایک سابق سعودی سفارتکار نے بتایاہے کہ ’’میں نے گزشتہ رات ایک فائیو سٹار ہوٹل کی لابی میں کاروباری میٹنگ کی تھی۔ مجھے قریباً ایک گھنٹہ باہر انتظار کرنا پڑا کیونکہ میں اس دروازے پر سیکیورٹی گارڈ کو دکھانے کے لئے ایپ نہیں کھول سکا تھا۔
میں نے اسے پہلے ڈاؤن لوڈ اور رجسٹر کروایا تھا  لیکن تکنیکی مسائل کی وجہ سے یہ کھل نہیں رہی تھی۔ اس طرح میں وہاں اس وقت تک پھنسا رہا جب تک سیکیورٹی گارڈ نے مجھے داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ نہیں کیا۔
سیکیورٹی گارڈ نے دیکھا کہ میں اسے اپنی رجسٹریشن دکھانے کے لئے ایپ کھولنے میں کامیاب نہیں ہو پا رہا تھا چنانچہ اس نے میری مجبوری دیکھ کر مجھے خصوصی طور پر داخلے کی اجازت دے دی۔

ایپ میں پیغام ملا کہ ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹریشن کرائی جائے۔(فوٹو عرب نیوز)

توکلناکی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کے استعمال کیلئے ٹریفک میں زبردست اضافے کی وجہ سے سسٹم میں خرابی پیدا ہوگئی چنانچہ صارفین کو پیغام ارسال کیا گیا کہ ایپ سروس پر زیادہ بوجھ کے باعث برائے مہربانی چند منٹ میں دوبارہ کوشش کریں۔
توکلنا کے ایک بیان میں کہا گیاہے کہ’’توکلنا‘‘ایپلی کیشن کو اس وقت عارضی تکنیکی مسئلے کا سامنا ہے جس کی وجہ سے خدمات میں خلل واقع ہوا ہے۔ تکنیکی ٹیم اس مسئلے کا حل تلاش کرنے میں مصروف ہے۔‘‘
ریاض میں ایک صارف نجد الرویلی نے بتایا ہے کہ جیسے ہی میں نے سنا کہ کسی بھی مال، سپرمارکیٹ یا کیفے میں داخلے کے لئے ’’توکلنا‘‘ ایپ ضروری ہے، میں نے یہ ایپلی کیشن انسٹال کر لی۔
اپنی شناخت اور تاریخ پیدائش درج کر کے’’سائن اپ ‘‘ ہوا۔ یہاں تک سب ٹھیک ہو گیا لیکن جب میں نے تصدیق کے لئے کوڈ داخل کیا تو سب کریش ہو گیا اور ایریر آ گیا جس میں کہا گیا  کہ ایپ پر زیادہ بوجھ پڑ رہا ہے۔
دریں اثنا ماہا البلاوی نے پہلی مرتبہ رجسٹریشن کروانے کی کوشش کی لیکن جلد ہی مشکل سامنے آ گئی۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے اپنا  شناختی نمبر درج کیا تو اسکرین رک گئی اور پھر ہوم پیج پر واپس آ گئی۔
غیرملکیوں نے بھی واضح کیا ہے کہ ایپ ڈاؤن لوڈ کی اور پھر رجسٹریشن کے دوران جلد ہی انہیں ’’ایرر‘‘کے پیغام موصول ہونا شروع ہو گئے ، انہوں نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کچھ لوگوں نے شکایت کی ہے کہ وہ تین گھنٹے سے زیادہ دیر تک ایپ پر رجسٹریشن کی کوشش کرتے رہے جبکہ بعض دیگر صارفین نے بتایا کہ وہ ماضی میں رجسٹریشن کراچکے ہیں لیکن پروگرام میں خرابی کی وجہ سے وہ ’’لاگ ان‘‘ ہونے میں کامیاب نہیں ہو سکے ۔
اس ایپلی کیشن میں ایسے پیغامات بھی ملے تھے جن میں صارفین کو ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹریشن کے لیے کہا گیا تھا لیکن وہاں بھی انہیں ایسے ہی تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
 

شیئر: