Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر کا متحدہ عرب امارات کے خلاف مقدمہ خارج

قطر نے یہ مقدمہ دوحہ کی ناکہ بندی پر امتیازی سلوک کے الزام میں دائر کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
اقوام متحدہ کی عالمی عدالت انصاف نے قطر کا متحدہ عرب امارات کے خلاف دائر کیا گیا مقدمہ خارج کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق قطر نے یہ مقدمہ دوحہ کی ناکہ بندی پر امتیازی سلوک کے الزام میں دائر کیا تھا جو اب ختم کی جا چکی ہے۔
یہ مقدمہ سنہ 2018 میں اس وقت دائر کیا گیا تھا جب سعودی عرب، امارات، بحرین اور مصر نے قطر سے شدت پسندوں کی حمایت اور ایران کی قربت اختیار کرنے پر رابطے اور آمد ورفت کے ذرائع بند کر دیے تھے۔
قطر نے مقدمہ دائر کرتے ہوئے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے اقدامات 1965 کے اقوام متحدہ کے اس عالمی منشور سے متصادم ہیں جن میں نسلی بنیادوں پر امتیازی سلوک کے خاتمے کا کہا گیا ہے۔
عالمی عدالت انصاف نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات کی جانب سے اٹھائے گئے ابتدائی اعتراض کو برقرار رکھا جاتا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس مقدمے میں نسلی امتیاز کا ذکر ہے جبکہ قومیت الگ چیز ہے۔‘
نیدر لینڈ کے شہر ہیگ میں قائم عدالت کے سربراہ عبدالقوی احمد یوسف نے قرار دیا کہ ’قطر کی جانب سے دائر کی گئی درخواست سننے کی یہ عدالت مجاز نہیں اور یہ معاملہ دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔‘
خیال رہے کہ چاروں عرب ملکوں نے گزشتہ ماہ کے اوائل میں قطر پر عائد پابندیاں اٹھانے پر اتفاق کیا تھا جس کے بعد متحدہ عرب امارات نے قطر کے ساتھ اپنی سرحدوں کو کھول دیا تھا۔

شیئر: