Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اچھی صحت کے لیے ضروری 10 غذائیں

ماہرین کے مطابق سبز پتوں والی سبزیوں میں وٹامن اے، سی، کے، میگنیشیم اور کیلشیم سمیت دوسرے مفید اجزا شامل ہوتے ہیں (فوٹو: فری پک)
آپ نے غذاؤں کے حوالے سے مختلف اصطلاحات سن رکھی ہوں گی، جیسے غذائی عناصر سے بھر پور کھانے، مغزیات سے بھرپور غذائیں وغیرہ۔
العربیہ نیٹ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ان اصطلاحات سے مراد ایسی غذائیں ہیں جو مفید عناصر پر مشتمل ہوتی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے غذاؤں میں موجود عناصر کے مطابق درجہ بندی کی جاتی ہے۔
صحت مند غذا میں پھل، سبزیاں، اناج، چکناہٹ سے پاک دودھ کی مصنوعات، سمندری غذا، گوشت، انڈے، مٹر، پھلیاں، بادام اور اخروٹ شامل ہیں۔
کچھ کھانوں میں بھرپور غذائی اجزا ہوتے ہیں اور ان میں مختلف قسم کے وٹامنز اور معدنیات شامل ہوتے ہیں۔
اگرچہ ان غذاؤں میں مفید غذائی اجزا شامل ہوتے ہیں لیکن کسی بھی شخص کو صرف انہی پر انحصار نہیں کرنا چاہیے اور دوسری غذاؤں کا استعمال بھی کرنا چاہیے۔
متوازن کھانے میں پانچ فوڈ گروپس شامل ہوں تو وہ مکمل غذا تصور ہو گا، جیسے کاربوہائیڈریٹ، پروٹین، چربی، وٹامن اور معدنیات، ایک عام انسان دن میں محدود تعداد میں کیلوریز استعمال کر سکتا ہے۔ اس لیے ماہرین جسم کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے غذائی اجزا سے بھرپور کھانے تجویز کرتے ہیں۔
ذیل میں دی گئی کھانوں کی فہرست مفید غذائی اجزا پر مشتمل ہے، جن کا استعمال مفید ہے۔

1: سالمن مچھلی

مچھلی عام طور پر ایک مناسب غذا سمجھی جاتی ہے، البتہ سبزیوں کی مختلف اقسام کی طرح مچھلی کی اقسام کے لحاظ سے ان کے فوائد میں فرق ہوتا ہے۔

مچھلی عام طور پر مناسب غذا سمجھی جاتی ہے، تاہم سالمن مچھلی صحت کے حوالے سے بہت سے فوائد رکھتی ہے (فوٹو: فری پک)

سالمن میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ، میگنیشیم، پوٹاشیم، سیلینیم اور وٹامن بی بہت زیادہ پائے جاتے ہیں جو دل اور الزائمر جیسی خطرناک بیماریوں سے جسم کو بچانے میں معاون ہوتے ہیں۔

2 : لہسن

لہسن اپنے بہترین فوائد کے لیے جانا جاتا ہے۔ اس میں وٹامن بی، وٹامن سی، کیلشیم، پوٹاشیم، تانبا، مینگنیز اور سیلینیم کی کثرت ہوتی ہے۔ اس میں سلفر مرکبات بھی ہوتے ہیں۔ متعدد سائنسی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ لہسن کا باقاعدگی سے استعمال بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو کم کرتا ہے۔ یہ بڑی آنت اور پیٹ کے کینسر سے بھی بچاتا ہے۔ کچا لہسن اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگل کا بھی کام کرتا ہے۔

تحقیق کے مطابق لہسن کا باقاعدگی سے استعمال بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو کم کرتا ہے (فوٹو: فری پک)

3 : بروکلی اور گوبھی

بروکلی اور گوبھی فولیٹ، وٹامن سی، ای، کے اور فائبر سے بھر پور ہوتے ہیں۔
بروکلی اور گوبھی بیکٹیریل اور اینٹی اثرات کے ساتھ سوزش کو کم کرنے اور کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

4 : سبز پتوں والی سبزیاں

گہرے سبز پتوں والی سبزیوں میں وٹامن اے، سی، کے، میگنیشیم اور کیلشیم پایا جاتا ہے۔ یہ آئرن اور غذائی ریشہ سے بھی مالا مال ہوتی ہیں۔ ان میں گلائسیمک انڈیکس بہت کم ہوتا ہے اور یہ فائٹو کیمیکلز اور بی کیروٹین فلاوونائڈز سے بھرپور ہوتی ہیں۔

5 : چیا  کے بیج

چیا کے بیج پروٹین، امینو ایسڈ، کاربوہائیڈریٹ، فائبر، کیلشیم اور اینٹی آکسیڈینٹ کا مکمل ذریعہ ہیں۔ کچھ طبی تحقیقات کے مطابق چیا کے بیجوں کا باقاعدگی سے استعمال دل کی صحت کے لیے مفید ہوتا ہے۔ یہ ڈیری مصنوعات کا متبادل ہے کیونکہ اس میں کیلشیم بہت زیادہ ہوتا ہے۔

بادام کے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لیے انہیں بھگونا ایک بہترین طریقہ ہے (فوٹو: فری پک)

6 : لوبیا

لوبیا کا شمار ایسی چیزوں میں ہوتا ہے جن میں پروٹین اور فائبر زیادہ ہوتا ہے۔ ان کے علاوہ اس میں آئرن، میگنیشیم، فاسفورس، کیلشیم اور زنک بھی ہوتا ہے۔ لوبیا میں ایسے مفید غذائی اجزا ہوتے ہیں جو ہڈیوں کی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتے ہیں۔ کیلشیم، میگنیشیم اور فاسفورس بلڈ پریشر کو قدرتی طور پر قابو میں رکھنے میں مدد دیتے ہیں، جبکہ فائبر بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول کرتا ہے اور آنتوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔

7 : بادام

آپ پروٹین، فائبر، وٹامن ای، کیلشیم، تانبے، میگنیشیم، آئرن، پوٹاشیم، سیلینیم، زنک، وٹامن بی اور فولٹ حاصل کرنے کے لیے روزانہ آٹھ سے 10 بھیگے ہوئے بادام کھا سکتے ہیں۔
بادام کے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لیے انہیں بھگونا ایک بہترین طریقہ ہے۔
ان کا استعمال پٹھوں اور ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے اور کولیسٹرول کو کم کرتا ہے۔ بادام افسردگی اور تناؤ کو کم کرنے اور خلیوں کو نقصان سے بچانے میں بھی مدد دیتے ہیں۔

اخروٹ بلڈ شوگر کی سطح کو بہتر بناتا ہے اور کینسر سے محفوظ رکھتا ہے (فوٹو: فری پک)

8: مونگ پھلی

مونگ پھلی صحت مند چربی، پروٹین اور فائبر کا ایک اچھا ذریعہ ہے۔ اس میں بہت سے وٹامنز پوٹاشیم، فاسفورس اور میگنیشیم پائے جاتے ہیں۔ اگرچہ مونگ پھلی میں کیلوریز زیادہ ہوتی ہیں لیکن یہ غذائیت سے بھرپور ہوتی ہیں اور ان میں کاربوہائیڈریٹس کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔
ماہرین حاملہ خواتین کو مونگ پھلی کا استعمال تجویز کرتے ہیں۔ مونگ پھلی دل کو صحت مند غذائی اجزا کے ساتھ ساتھ اینٹی آکسیڈینٹ بھی مہیا کرتی ہے۔

9: اخروٹ

اخروٹ میں کیلشیم، آئرن، پروٹین، پوٹاشیم، میگنیشیم اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈ ہوتے ہیں۔

دہی کیلشیم اور پروٹین کا ایک اچھا ذریعہ ہے (فوٹو: فری پک)

اس کا استعمال سوزش کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ کولیسٹرول کو کم کرنے اوراعتدال میں رکھنے کے لیے اخروٹ کھانا مفید ہے۔
اخروٹ بلڈ شوگر کی سطح کو بہتر بناتا ہے اور کینسر سے محفوظ رکھتا ہے۔

10: دہی

دہی کیلشیم اور پروٹین کا ایک اچھا ذریعہ ہے۔ اس میں موجود’دوست بیکٹیریاز‘ جسم کو مضر بیکٹیریازسے بچاتے ہیں۔
تازہ گھریلو دہی کھانا اچھے بیکٹیریا حاصل کرنے کا ایک اہم طریقہ ہے۔ ماہرین اس بات پرمتفق ہیں کہ ایک اچھی طرح سے کام کرنے والی آنت سے جسم کے زہریلے مادے باقاعدگی سے بہہ جاتے ہیں۔ اسی طرح اچھے بیکٹیریاز مدافعتی نظام کو بہتر بناتے ہیں۔

شیئر: