Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تنازع کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں: دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ تنازع جموں وکشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ تنازع جموں وکشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر مبنی اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترجمان نے  میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کوٹلی، آزاد جموں وکشمیرمیں اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا اور کشمیریوں کے استصواب رائے کے حق کی حمایت کی۔
 
وزیراعظم عمران خان نے جموں وکشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے بارے میں موقف کا اعادہ کیا اور ان قراردادوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
’پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں درج اقوام متحدہ کی نگرانی میں غیرجانبدارنہ، آزادانہ اور شفاف استصواب رائے کے کشمیریوں کے حق کے ذریعے تنازع جموں وکشمیر کے حل کے لئے اپنے ٹھوس عزم پر کاربند ہے۔‘
خیال رہے وزیر اعظم نے کوٹلی میں یوم یکجہتی کشمیر کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کشمیریوں سے یہ بھی وعدہ کرتے ہیں کہ جب کشمیریوں کو حق خوداردیت دیا جائے گا اور وہ فیصلہ کریں گے کہ پاکستان کے ساتھ رہنا ہے یا انڈیا کے ساتھ تو اس کے بعد پاکستان بھی انہیں آزادی کا حق دے گا۔
’یہ آپ کا حق ہوگا کہ آپ پاکستان کے ساتھ رہیں یا آزاد رہنا چاہتے ہیں۔‘

شیئر: