Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لاپرواہی سے خطرے کو دوبارہ آنے نہیں دیں گے‘

مملکت میں کورونا کیس میں دوبارہ اضافہ ہورہا ہے(فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ ’ہم نے مل کر مشکل حالات کا سامنا کیا جو کچھ ہم نے حاصل کیا ہے اس کی حفاظت کریں گے اورلاپرواہی سے خطرے کو دوبارہ آنے نہیں دیں گے‘۔ 
وزیر صحت نے شہریوں اور غیر ملکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا ہمیں مقررہ ضوابط پر سختی سے نہ صرف عمل کرنا ہے بلکہ دوسروں کو بھی ان کی تلقین کرنا ہے ہمارا سلوگن ہونا چاہیے ’تعاون کریں گے لاپراہی نہیں‘۔ 
واضح رہے گزشتہ چند روز سے مملکت میں کورونا کیس میں دوبارہ اضافہ ہورہا ہے جس کی بنیادی وجہ لوگوں کی جانب سے لاپراہی برتنا ہے۔ 
وزارت صحت کی جانب سے کورونا سے بچاو کےلیے گھروں سے باہر جاتے ہوئے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ سماجی فاصلے کے اصول پرعمل کرنے کی سختی سے پابندی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کورونا وائرس کی نئی لہر پر بھی قابو پایا جاسکے۔ 
یاد رہے کہ سعودی عرب میں  کورونا کے نئے کیسز گزشتہ چند دنوں سے مسلسل 300 سے زیادہ سامنے آرہے ہیں۔ 
 وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق’ سنیچر کو گذشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 386 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 283 افراد وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔‘

شیئر: