Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 6 میں کون سے نوجوان کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے؟

پروفیشنلز کرکٹ لیگ کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس سے مقامی کھلاڑیوں کو اپنا لوہا منوانے کا بہترین موقع ملتا ہے۔
دوسرے ملکوں کی طرح پاکستان میں بھی پی ایس ایل کے تمام ایڈیشنز میں باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں اور ان میں سے کئی اب پاکستان کی قومی ٹیم کا مستقل حصہ بن چکے ہیں۔ 
حیدر علی، فخر زمان، فہیم اشرف، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، خوشدل شاہ سمیت کھلاڑیوں کی ایک طویل فہرست ہے جو پاکستان سپر لیگ میں توجہ کا مرکز بننے کے بعد قومی ٹیم میں شامل ہوئے۔
پاکستان سپر لیگ کے ضوابط کے تحت ہر ٹیم کا اپنے سکواڈ میں دو نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کرنا لازمی ہے۔
رواں سال بھی پاکستان کے متعدد نوجوان کھلاڑی پی ایس ایل کا حصہ بن رہے ہیں جو مستقبل میں قومی ٹیم میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔

قاسم اکرم 

پاکستان سپر لیگ میں ایک مضبوط سکواڈ کی حامل ٹیم کراچی کنگز سے رواں سیزن بائیں ہاتھ کے آل راؤنڈر قاسم اکرم پاکستان سپر لیگ میں اپنا ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں۔
پاکستان انڈر 19 اور قائداعظم ٹرافی میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے کے بعد 19 سالہ آل راؤنڈر کراچی کنگز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اب دیکھنا ہوگا کہ وہ اس موقع کا کس حد تک فائدہ اٹھا پاتے ہیں۔ 

قاسم اکرم نے پاکستان انڈر 19 اور قائداعظم ٹرافی میں اعلیٰ کارکردگی دکھائی تھی۔

احمد سیفی عبداللہ 

اسلام آباد یونائیٹڈ نے دائیں ہاتھ کے آف سپنر احمد سیفی عبداللہ کو رواں سیزن میں بھی اپنے سکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔
22 سالہ نوجوان کھلاڑی کو گذشتہ سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے فرسٹ کلاس میں عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹیم میں شامل کیا تھا۔ احمد سیفی عبداللہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے 3 میچز میں نمائندگی کر چکے ہیں۔
22 سالہ نوجوان کے پاس اس بار بہترین موقع ہے کہ وہ اپنی ’جادوگری‘ سے سب کو اپنا گرویدہ بنا لیں۔ ان کے ساتھ شمالی وزیرستان کے 19 سالہ محمد وسیم بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ ہیں۔ 

احمد سیفی عبداللہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے 3 میچز میں نمائندگی کر چکے ہیں۔

زید عالم 

انڈر 19 کرکٹ ولڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے زید عالم لاہور قلندرز کی ایمرجنگ کیٹگری میں شامل ہیں۔
زید عالم ٹیپ بال کرکٹ میں شہرت حاصل کرنے کے بعد سلیکٹرز کی توجہ کا مرکز بنے اور اب انہیں لاہور قلندرز کا مڈل آرڈر سنبھالنے کا موقع ملے گا۔
یہ سات بھائی اور چھ بہنیں ہیں جن میں سے زید عالم سمیت چار بھائی جڑواں ہیں۔ 

زید عالم ٹیپ بال کرکٹ میں شہرت حاصل کرنے کے بعد سلیکٹرز کی توجہ کا مرکز بنے۔

شاہنواز دہنی 

اندرون سندھ لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ شاہنواز دہنی ڈومیسٹک سیزن میں عمدہ کارکردگی کے بعد ملتان سلطانز کی جانب سے پی ایس ایل میں اپنے کیریئر کا آغاز کریں گے۔ 
بائیں ہاتھ کے گیند باز شاہنواز قائداعظم ٹرافی میں سندھ سیکنڈ الیون کی جانب سے 5 میچز میں 17 وکٹیں لینے کے بعد فرسٹ الیون میں شامل کیے گئے تھے، جہاں انہوں نے 7 میچوں میں 26 وکٹیں حاصل کیں۔ 

شاہنواز دہنی قائد اعظم ٹرافی میں17 وکٹیں لینے کے بعد فرسٹ الیون میں شامل کیے گئے۔

محمد عامر خان 

سوات سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ محمد عامر خان پی ایس ایل کے چھٹے سیزن میں بھی پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔
محمد عامر خان نے گزشتہ سیزن میں پی ایس ایل کا ڈیبیو کرتے ہوئے چار میچوں میں تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پشاور زلمی کی جانب سے انہیں ایک بار پھر ایمرجنگ کیٹگری میں موقع دیا گیا ہے۔ 

محمد عامر خان نے گزشتہ سیزن میں پی ایس ایل کا ڈیبیو کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔

 آرش خان

پاکستان انڈر 16 کے سابق کپتان اور پاکستان انڈر 19 کی نمائندگی کرنے والے دائیں ہاتھ کے سپنر آرش خان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ایمرجنگ کیٹگری میں شامل ہیں۔

آرش علی خان نے گذشتہ سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کوئی میچ نہیں کھلایا تھا۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے آرش علی خان گذشتہ سیزن میں بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سکواڈ کا حصہ تھے لیکن انہیں کوئی میچ نہیں کھلایا گیا تھا۔
دیکھنا ہو گا کہ اس بار گلیڈی ایٹرز آرش خان کو کس طرح استعمال کرتے ہیں۔

شیئر: