Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل ترانہ، ’کیا ایکسنٹ بینڈ‘ بھی جادو جگانے جا رہا ہے؟

ایکسینٹ کی جانب سے ٹویٹ میں پی ایس ایل 7 یا پی ایس ایل 8 لکھا گیا، جس میں صارفین نے بہت دلچسپی لی (فوٹو: پی ایس ایل)
چھٹے پی ایس ایل کا ترانہ اچھا یا برا کی بحث ابھی جاری ہی ہے کہ عالمی شہرت رکھنے والے میوزیکل بینڈ ایکسنٹ کی ایک ٹویٹ نے یہ بحث شروع کرا دی کہ کیا اب پی ایس ایل کا ترانہ وہ گانے جا رہا ہے؟
ایکسینٹ کی جانب سے کی گئی مختصر سی ٹویٹ میں پی ایس ایل 7 یا پی ایس ایل 8 کا پوچھا گیا تو اس کے انداز نے صارفین کو مختلف اندازے لگانے پر مجبور کر دیا۔ 
رومانیہ کے میوزیکل بینڈ کی ٹویٹ کے جواب میں ایک پاکستانی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’برا نہیں ہے اگر یہ پی ایس ایل چھ کی افتتاحی تقریب میں ہو جائے‘۔
پاکستان میں بہت سے لوگ ایکسںٹ بینڈ کو پسند کرتے ہیں انہی میں سے ایک صارف شایان نے ایکسنٹ کے ٹویٹ کے جواب میں لکھا کہ، ’انتظار نہیں کر سکتے سر مہربانی کر کے پی ایس ایل 7 کا ترانہ گائیں۔‘

 

ایکسینٹ بینڈ کی جانب سے پی ایس ایل 7 اور 8 کے بارے میں پوچھے جانے پر ایک صارف نے جواب میں لکھا ’آپ دونوں ترانے گائیں ہم آپ کو سننا پسند کریں گے۔
ایکسنٹ کے پاکستانی پرستاروں میں سے ایک نبیل شیخ نے پوچھا ’کیا آپ پی ایس ایل کا ترانہ دوبارہ گا سکتے ہیں؟
جہاں بہت سے لوگوں نے ایکسنٹ کی اس پیشکش کا خیرمقدم کیا وہیں کچھ صارفین نے اپنے مقامی گلوکاروں سے محبت کا اظہار کیا۔ پیشکش کومسترد کرتے ہوئے ایک صارف سید افراز ہاشمی نے لکھا ’بہت شکریہ لیکن ہمارے لیے علی ظفر ہی کافی ہیں۔‘

ایکسنٹ ماضی میں پاکستان کی آزادی کے دن پر بھی مبارک باد دے چکا ہے۔
پاکستانی ٹوئٹر صارف تیموراعوان نے پوچھا ’کیا آپ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے کوئی پیشکش ہوئی ہے یا موجودہ پی ایس ایل اینتھم کی ناکامی پر آپ اپنی آواز پیش کرنا چاہتے ہیں؟
​ بعض ایسے صارفین بھی سامنے آئے جنہوں نے خواہش ظاہر کی کہ ایکسنٹ اور پاکستانی گلوکاروں مل کر پی ایس ایل اینتھم گائیں۔

ایسے ہی ایک ٹوئٹر صارف حسن الطاف نے ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے تجویز دی ’آپ دونوں ترانے علی ظفر کے ساتھ گائیں۔ اگلے سال کے ترانے کے لیے مشرقی اور مغربی موسیقی کا امتزاج کے ساتھ کچھ نیا بنائیں۔‘
 گذشتہ روز سامنے آنے والے ایکسنٹ کے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ پر اس ٹویٹ نے آنے والے پی ایس ایل اینتھم سے شائقین کی توقعات پہلے سے بڑھا دی ہیں۔

شیئر: