Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثیوں کا نیا حملہ ناکام، عرب اتحاد نے دو ڈرونز تباہ کر دیے

حوثی باغیوں کی جانب سے خمیس مشیط کی طرف ڈرون بھیجے گئے تھے ( فوٹو عرب نیوز)
عرب اتحاد نے اتوار کو جنوبی سعودی عر ب میں ایران نواز حوثی باغیوں کا ایک اور ڈرون حملہ ناکام بنایا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے عرب اتحاد کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ’ اتحادی افواج نے یمن سے حوثی باغیوں کی جانب سے جنوبی سعودی عرب میں خمیس مشیط کی طرف بھیجے جانے والے بارود سے لدے دو ڈرونز کو راستے میں روک کر تباہ کردیا ہے‘۔
عرب نیوز کے مطابق ترجمان کا کہنا تھا کہ’ بوبی ٹریپ ڈرون حوثیوں کی جانب سے شہریوں اور شہری املاک کو نشانہ بنانے کے  لیے بھیجے گئے تھے‘۔
عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر ترکی المالکی نے حملے کے بعد العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’شہری اور شہری تنصیبات سرخ لائن ہیں اورعرب اتحاد بین الاقوامی قانون کے مطابق اس کا فیصلہ کن جواب دے گا‘۔
یاد رہے کہ حوثی باغی سعودی عرب کی تنصیبات اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی مذموم کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں نے گزشتہ دو دنوں میں دو مرتبہ ابہا انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر حملے کئے جبکہ سعودی عرب کے جنوبی علاقہ کو بھی ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی جسے ناکام بنایا گیا۔ 

شیئر: