Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پنجاب کی بیٹی ہوں، صوبے کی بات کیوں نہ کروں؟‘ مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ’عوام کہتے ہیں کہ پیٹرول، آٹا اور گھی مہنگا ہوگیا ہے تو عمران خان کہتا ہے کہ میں این آر او نہیں دوں گا، لوگ کہتے ہیں کہ چینی مہنگی ہوگئی ہے تو کہتا ہے کہ میں نواز شریف کو این آر او نہیں دوں گا۔
پیر کو وزیرآباد میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر پنجاب کارڈ استعمال کرنے کا الزام لگایا جا رہا ہے، ’پنجاب کی بیٹی ہوں، پنجاب کی بات کیوں نہ کروں۔‘
مریم نواز نے ڈسکہ کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’وہاں پنجاب کی بات کی تو حکومت کو بڑی مرچیں لگیں اور کہا گیا کہ مریم پنجاب کارڈ کھیل رہی ہیں۔‘

 

بقول ان کے ’وہ پنجاب کی بیٹی ہیں اور پورے پاکستان کی بیٹی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’وہ سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان جہاں بھی جاتی ہیں وہاں کے عوام کی بات کرتی ہیں۔‘
بقول ان کے ’کیونکہ مریم نواز پاکستان کی بیٹی ہے۔‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے ایک بار پھر حکومت اور وزیراعظم کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ’ 50 لاکھ گھروں کا اعلان کیا گیا تھا لیکن کسی کو ایک گھر بھی نہیں ملا؟‘
مریم نواز کی تقریر کا کچھ حصہ پنجابی میں تھا، انہوں نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’انہیں معلوم ہے کہ مہنگائی نے آپ کو پریشان کر رکھا ہے۔‘
مریم نواز نے بار بار عمران خان کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ’آج عوام پوچھتے ہیں کہ 22 کروڑ لوگوں میں سے یہی شخص ملا تھا ملک چلانے کے لیے؟‘
یاد رہے کہ گوجرانوالہ کی تحصیل وزیر آباد میں ضمنی الیکشن ہونے جا رہا ہے جس میں ن لیگ سمیت پی ٹی آئی اور دیگر جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔

شیئر: