Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شمالی کوریا کے حکمران کم جونگ ان کی اہلیہ ایک سال بعد نظر آئیں

کم جونگ اور ان کی اہلیہ ری سول کو ایک تقریب میں ساتھ دیکھا گیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
شمالی کوریا کے حکمران کم جونگ کی اہلیہ ایک سال سے زائد کے عرصے بعد عوام کے سامنے آئی ہیں۔ ان کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ وہ یا تو کورونا وائرس کی وجہ سے عوام کی نظروں سے دور تھیں یا ممکنہ حمل کی وجہ سے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بدھ کو شمالی کوریا کے میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کم جونگ کی اہلیہ ری سول جو، جو اپنی عمر کے تیسرے عشرے کے اوائل میں ہیں، اپنے شوہر کے ساتھ ان کے والد اور شمالی کوریا کے سابق رہنما کم جونگ دوئم کی سالگرہ کے موقع پر ایک کانسرٹ میں موجود تھیں۔
کم خاندان کے دوسرے رکن کی سالگرہ کو ڈے آف دا شائننگ سٹار کہا جاتا ہے اور یہ شمالی کوریا کی عام تعطیلات میں سب سے اہم ہے۔
شمالی کوریا کے سرکاری اخبار روڈونگ سنمن میں کم جونگ اور ان کی اہلیہ کی مسکراتے ہوئے تصویر شائع ہوئی ہے۔
دونوں یونگیانگ شہر میں مانشوڈے تھیٹر میں ایک تقریب میں موجود تھے۔ ری سول جو کو اس سے قبل جنوری 2020 میں چاند کے نئے سال کے موقع پر منعقد ہونے والی ایک تقریب میں دیکھا گیا تھا۔
ری سول کی طویل غیر موجودگی پر ان کی صحت سے متعلق سوال اٹھ رہے تھے کہ آیا وہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے باہر نہیں نکل رہیں یا وہ حاملہ ہیں۔
کم جونگ اور ری سول کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کے تین بچے ہیں۔
شمالی کوریا گذشتہ جنوری سے لاک ڈاؤن میں ہے اور اس وقت سے ہی ملک کی سرحدیں بند کر دی گئیں تھیں تاکہ کورونا وائرس کی پھیلتی وبا سے بچا جا سکے۔

شیئر: