Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شمالی کوریا میں کورونا کا پہلا کیس، دنیا میں ایک کروڑ 60 لاکھ مریض

شمالی کوریا کے سرحدی شہر کائی سونگ میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے (فوٹو:اے ایف پی)
شمالی کوریا میں اتوا کو کورونا وائرس کا پہلا مشتبہ کیس سامنے آگیا ہے جبکہ دنیا میں اب تک اس مہلک وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 60 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پہلے سے ہی تنہا اور مالی طور پر غیر مستحکم ملک اب تک یہ اصرار تھا کہ ابھی تک شمالی کوریا میں کووڈ 19 کے کسی ایک کیس کی بھی تصدیق نہیں ہوئی جبکہ اس وبا سے بڑے پیمانے پر تباہی اور عالمی معیشت کو بھی دھچکا لگا ہے۔  
دنیا بھر میں تقریباً 645 ہزار افراد کا نظام تنفس بری طرح متاثر ہوا ہے، خاص طور پر شمالی کوریا کا ازلی حریف امریکہ کو اس وبا نے ہلا کر رکھ دیا ہے۔
شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کے سی این اے کے مطابق ملک کے رہنما کم جونگ ان کا کہنا ہے کہ 'یہ مہلک وائرس ملک میں باہر سے آئے کسی شخص کے ذریعے پھیلا ہے۔'
کورونا وائرس کا مشتبہ کیس سامنے آنے کے بعد ملک کے سرحدی شہر کائی سونگ میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا سے ایک شخص واپس پہنچا جس کے بارے میں خیال ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر تھا۔  

کم جونگ ان کا کہنا ہے کہ 'یہ مہلک وائرس ملک میں باہر سے آئے کسی شخص کے ذریعے پھیلا ہے' (فوٹو:اے ایف پی)

تاہم ماہرین سمجھتے ہیں کہ یہ وائرس پہلے ہی ہمسایہ ملک چین سے شمالی کوریا پہنچ چکا تھا جہاں گذشتہ سال کے اواخر میں اس وبا نے سر اٹھایا تھا۔

برطانیہ کا سپین سے آنے والوں کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ

برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈومینیک راب نے کہا ہے کہ برطانیہ نے سپین میں کورونا کے کیسز میں اضافے کے بعد فوری طور پر سپین سے برطانیہ آنے والوں کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سکائی نیوز نے جب راب سے پوچھا کہ سپین سے آنے والوں کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیوں اتنی جلدی اور بہت ہی مختصر نوٹس پر کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ سپین میں کیسز کی وجہ سے۔ 
’جمعے کے ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ سپین میں کورونا کے کیسز میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ دن دوپہر کو اس ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا اور پھر ہم نے فوری طور پر یہ فیصلہ کیا۔‘
‘ہم جلدی میں لیے گئے اس فیصلے کے لیے معذرت نہیں کر سکتے کیونکہ ہمیں فوری اور فیصلہ کن اقدامات اٹھانے ہیں۔‘ 
وریز خارجہ نے اس فیصلے کو ’رئیل ٹائم رسپانس‘ قرار دے دیا۔

روس میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد آٹھ لاکھ چھ ہزار 720 ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار 192 ہے (فوٹو:اے ایف پی)

دوسری جانب کورونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں ایک کروڑ 60 لاکھ  60 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ اس وبا سے اب تک چھ لاکھ 43 ہزار 811 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ 
کورونا کی وبا دنیا بھر کے 210 ممالک اور خطوں میں پھیل چکی ہے۔  وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں امریکہ سرفہرست ہے جہاں ایک لاکھ 46 ہزار 326 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 41 لاکھ 94 ہزار 768 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
متاثرہ ممالک میں دسرے نمبر پر برازیل ہے جہاں کورونا سے متاثر افراد کی تعداد 23 لاکھ 94 ہزار 513 ہے جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 86 ہزار 449 ہے۔
انڈیا کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک 13 لاکھ 36 ہزار 861 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 31 ہزار 358 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ 
روس میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد آٹھ لاکھ چھ ہزار 720 ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار 192 ہے۔ 
جنوبی افریفہ میں کورونا متاثرین کی تعداد چار لاکھ 34 ہزار 200 ہے جب کہ چھ ہزار 343 افراد اس وبا سے اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: