Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حدود شمالیہ اور الشرقیہ ریجن میں پیر کو تیز ہوائیں چلیں گی، بارش کا امکان

پانچ علاقوں میں درجہ حرارت منفی ایک سینٹی گریڈ ہوجائے گا۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ  پیر کو حدود شمالیہ اور الشرقیہ ریجنوں میں تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے۔ مطلع جزوی طورپر ابر آلود رہے گا۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ جازان، عسیر، مکہ مکرمہ، باحہ، مدینہ منورہ اور قصیم کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ  بارش کا امکان ہے۔ 
 موسمیات کے قومی مرکز نے بیان میں مزید کہا کہ آئندہ بدھ کو سعودی عرب کے پانچ علاقوں میں درجہ حرارت منفی ایک سینٹی گریڈ ہوجائے گا۔ 

سرد ہواؤں کی لہر مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گی۔(فوٹو ایس پی اے)

سعودی عرب کے شمالی و مغربی، وسطی اور مشرقی علاقوں میں درجہ حرارت توجہ طلب حد تک کم ہوگا۔ 
دوسری طرف ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل کی شام سے سعودی عرب کے مختلف علاقوں کا موسم غیرمستحکم ہونے لگے گا۔ سرد ہواؤں کی لہر مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گی۔
بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں گی۔
سبق ویب سائٹ  کے مطابق بارش کی شروعات شمالی علاقہ جات سے ہوگی۔ تبوک، الجوف ریجن کے متعدد علاقے، حدود شمالیہ کے شمالی بعید کے مقامات سرد ہواؤں کی لپیٹ میں ہوں گے۔ ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

جمعرات کو دارالحکومت ریاض میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ (فوٹو عاجل)

منگل اور بدھ کی درمیانی شب سرد لہر کا رخ جنوب کی جانب ہوگا اور مدینہ منورہ کے ساحلوں پر بارش کا آغاز ہوجائے گا- 
ینبع بھی بارش سے متاثر ہوگا۔ بارش کی بیلٹ کارخ حائل کی جانب ہوگا جو رفحا تک چلتا چلا جائے گا۔
طقس العرب ویب سائٹ کے مطابق بدھ کی صبح کو بارش کی بیلٹ مدینہ منورہ، جدہ اور مکہ مکرمہ کو اپنی لپیٹ میں لے گی۔ بدھ کی شام  قصیم اور حفر الباطن میں بارش کا امکان ہے۔ 
جمعرات کو دارالحکومت ریاض میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ 

شیئر: