Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن کمیشن کا بیان حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے: مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے این اے 75 ڈسکہ کے پورے حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سنیچر کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’ہمارا مطالبہ ہے کہ پورے حلقے میں دوبارہ پولنگ کرائی جائے۔‘
مریم نواز نے کہا ہے کہ ’الیکشن کمیشن کا بیان حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے اور پوری قوم کی نظریں الیکشن کمیشن پر لگی ہوئی ہیں۔‘

 

انہوں نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن بھی چیخ پڑا کہ دھاندلی ہوئی ہے۔‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ ’میاں نواز شریف کا بیانیہ خیبر پختونخوا میں بھی مقبول ہو رہا ہے۔ حکمران جماعت سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ وہ نوشہرہ سے سیٹ ہار جائے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’لوگوں نے ضمنی انتخابات میں ووٹ کی عزت کے لیے جنگ لڑی اور سرخرو ہوئے۔ پی ٹی آئی کو چاروں صوبوں میں شکست ہوئی ہے۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’ڈسکہ میں پی ٹی آئی امیدوار کے لوگوں نے فائرنگ کی اور پی ٹی آئی کے لوگوں کی فائرنگ کی وجہ سے دو افراد کی جانیں ضائع ہوئیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ڈسکہ اور وزیرآباد میں پولنگ کے عمل کو سست کیا گیا۔ چار چار، پانچ  پانچ گھنٹے پولنگ بند کی گئی۔ حکومتی عہدیدار پولنگ سٹیشن کے اندر کیا کر رہے تھے؟‘
مریم نواز کے مطابق ’پریذائڈنگ افسر تھیلا لے کر فرار ہو رہا تھا جسے مسلم لیگ ن کے عطااللہ تارڑ اور کارکنوں نے پکڑا۔ عوام جاگتے رہے اور ووٹ چوروں کو پکڑا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان پہلے سلیکٹ ہو کر آئے اب ریجیکٹ ہوئے ہیں۔ عمران خان کو چاروں صوبوں نے مسترد کردیا ہے۔‘

شیئر: