Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈسکہ: ضمنی الیکشن کے نتائج روک لیے گئے، ’معاملے کی انکوائری ہوگی‘

الیکشن کمیشن کے مطابق ’چیف سیکریٹری سے ایک دفعہ رابطہ رات کو تقریباً تین بجے ممکن ہوا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 کے ضمنی انتخاب کے نتائج روکنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 20 پولنگ سٹیشنز پر نتائج میں ردوبدل کا شبہ ہے لہذا مکمل انکوائری کے بغیر حلقے کا نتیجہ جاری کرنا ممکن نہیں۔
سنیچر کو الیکشن کمیشن نے جاری کیے اعلامیے میں کہا ہے کہ حلقہ این اے 75 کے نتائج غیر ضروری تاخیر کے ساتھ موصول ہوئے، اس دوران متعدد بار پریذائیڈنگ افسران کے ساتھ رابطہ کرنے کی بھی کوشش کی گئی مگر ناکامی ہوئی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریٹرننگ افسر کی اطلاع پر چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب پولیس کے سربراہ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے ساتھ رابطہ کرنے کی کوشش کی تاکہ متعلقہ پریذائیڈنگ آفیسرز کا پتا لگایا جا سکے مگر کوئی جواب نہ ملا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ’چیف سیکریٹری سے ایک دفعہ رابطہ رات کو تقریباً تین بجے ممکن ہوا۔ انہوں نے گمشدہ آفیسرز اور پولنگ بیگز کو ٹریس کرکے نتائج کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی مگر پھر وہ بھی دستیاب نہ ہو سکے۔ کافی تگ و دو کے بعد تقریباً صبح چھ بجے پریذائیڈنگ آفیسرز بمعہ پولنگ بیگز حاضر ہوئے۔‘
جمعے کو پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 پر مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے امیدواورں کے درمیان ضمنی الیکشن میں مقابلہ ہوا۔ حلقے کے کئی پولنگ سٹیشنز پر ہنگامی آرائی اور فائرنگ کے واقعات بھی پیش آئے جن میں دو افراد ہلاک ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 75 کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر تفصیل رپورٹ ارسال کر رہے ہیں۔ ’اور مکمل انکوائری اور ذمہ داران کے تعین کے لیے انہیں ہدایات جاری کی ہیں۔‘ 

اعلامیے کے مطابق صوبائی اور جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر کو ڈی آر او اور آر او کے دفتر پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا گیا ہے کہ ریکارڈ کو مکمل طور پر محفوظ کیا جائے۔ ’یہ معاملہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کمزوری لگتی ہے۔‘
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے بعد مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بیانات دیے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے ٹوئٹر پر الیکشن کمیشن کا اعلامیہ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’اب پتہ چلا کہ مافیا کیا ہوتا ہے اور کیسے کام کرتا ہے؟ صرف ووٹ چوری نہیں ہوتے، بیچارے الیکشن کمیشن کا عملہ ہی چوری ہو جاتا ہے۔‘

دوسری جانب وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’علی اسجد ملہی کو ڈسکہ کا معرکہ سر کرنے کی مبارک، الیکشن کمیشن فوری طور پر نتیجے کا اعلان کرے۔ پی ٹی آئی کے کارکنان کے صبر کو نہ آزمایا جائے، احترام قانون کا ہوگا نون کا نہیں۔۔‘

شیئر: