Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوشہرہ میں شکست: پرویز خٹک کے بھائی وزارت سے فارغ

لیاقت خٹک پر ضمنی انتخاب میں اپوزیشن کے امیدوار کو سپورٹ کرنے کا الزام ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی اور خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر لیاقت خٹک سے وزارت واپس لے لی گئی۔
خیبر پختونخوا کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی وزیر آبپاشی لیاقت خٹک سے وزارت کا قلمدان واپس لے لیا گیا۔
 
پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لیاقت خٹک کی برطرفی کا نوٹیفکیشن شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی منظوری کے بعد پارٹی قواعد اور ڈسپلن کی خلاف ورزی اور یی کے 63 کے الیکشن میں اپوزیشن کے امیدوار کو سپورٹ کرنے پر وزیراعلی کے پی محمود خان نے صوبائی وزیر لیاقت خٹک کو فارغ کر دیا۔
خیال رہے جمعے کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نوشہرہ کے حلقے پی کے 63 میں گزشتہ عام انتخابات میں جیتی ہوئی سیٹ ہار گئی تھی۔
پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک پر ضمنی انتخاب میں اپوزیشن کے امیدوار کو سپورٹ کرنے کا الزام ہے۔
جمعے کو ہونے والے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے اختیار ولی 21 ہزار 122 ووٹ  لیکر  پہلے نمبر پر آئے جبکہ پی ٹی آئی کے میاں عمر  17 ہزار 23 ووٹ حاصل کیے۔

شیئر: