Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تمام شہروں میں جلد کورونا ویکسینیشن سینٹرز قائم ہوں گے

’صحتی‘ ایپ میں ویکسینشن کےلیے خود کو رجسٹرکرالیں۔( فوٹو ایس پی اے) 
 سعودی عرب میں ادارہ امور صحت کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ جلد مملکت کے تمام شہروں میں کورونا ویکسینیشن سینٹرز قائم کردیے جائیں گے تاکہ بڑے پیمانے پرشہریوں اورغیر ملکیوں کو ویکسین لگائی جاسکے۔ 
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق اس حوالے سے وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں رہنے والے بھی جلد ’صحتی‘ ایپ میں ویکسینشن کےلیے خود کو رجسٹرکرالیں۔ 
واضح رہے جمعے جدہ میں مزید 12 ویکسینیشن سینٹرز کا آغاز کیا گیا جو ہفتے کے ساتوں دن کام کریں گے۔ طائف اور مکہ مکرمہ میں بھی رواں ماہ ویکسینیشن سینٹرز قائم کیے جاچکے ہیں۔ 
وزارت صحت کی جانب سے سعودی عرب میں تمام لوگوں کو مفت ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی جارہی ہے تاکہ کورونا سے محفوظ رہا جاسکے۔ 
ویکسین لگانے کےلیے وزارت صحت کی ’صحتی‘ ایپ پر رجسٹرکرانا لازمی ہے۔ ایپ میں رجسٹریشن کے بعد سینٹرکا تعین کیا جاتا ہے جہاں سے ویکسین لگانے کے لیے دن اور وقت کا تعین کرکے مطلع کیاجاتا ہے۔ 
سعودی عرب میں اس وقت فائزر بائیونٹیک ویکسین لگائی جارہی ہے جس کی دو ڈوز لگانا لازمی ہے۔ پہلی خوراک کے 21 دن بعد دوسری خوراک دی جاتی ہے۔ 
صحتی ایپ میں رجسٹرافراد کو پہلی خوراک دینے کے بعد دوسری ڈوز کے لیے وقت اور دن کا تعین کر کے مطلع کردیاجاتا ہے تاکہ صارفین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 
قبل ازیں سعودی وزارت صحت نے بیان میں کہا تھا کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں کورونا ویکسین سینٹرز مقامی شہری اور مقیم غیرملکی کثیر تعداد میں پہنچنے لگے ہیں۔

شہری اور مقیمین کورونا ویکسین سینٹرز بڑی تعداد میں پہنچنے لگے ہیں۔( فوٹو ایس پی اے)

 صحتی ایپ کے ذریعے ویکسین کے لیے اندراج کرانے والوں کا منظم طریقے سے خیر مقدم کیا جارہا ہے۔ ویکسین کے اوقات کار بہت سوچ سمجھ کر متعین کیے جارہے ہیں تاکہ کسی بھی سینٹر میں ویکسین لگوانے کے لیے آنے جانے والوں کو بھیڑ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔  
وزارت صحت نے تمام سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی صحت و سلامتی کی خاطر ویکسین لگوانے کے لیے پہلی فرصت میں اندراج کرالیں۔ 
 لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ویکسین سے متعلق مستند معلومات حاصل کرنے اور طبی مشاورت کے لیے 937 پر رابطہ کریں- یہ سہولت چوبیس گھنٹے مہیا ہے۔

شیئر: