Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ مکرمہ ریجن میں رواں ہفتہ سردی کی ایک اور لہر کا امکان

’مکہ مکرمہ شہر میں درجہ حرات 13، جدہ میں 16، طائف میں 7 اور رابغ میں 16 سینی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے‘ ( فوٹو: احمد حاضر)
مکہ مکرمہ ریجن میں رواں ہفتہ شدید سردی کی لہر متوقع ہے جس کی وجہ سے مکہ مکرمہ شہر میں درجہ حرات13، جدہ میں 16، طائف میں 7 اور رابغ میں 16 سینی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ماہر موسمیات صالح الشیخی نے توقع ظاہر کی ہے کہ ’ریجن میں غیر یقینی موسمی کیفیت کا آغاز منگل 23 فروری سے ہوگا اور یہ جمعہ تک جاری رہے گی‘۔
’اس دوران درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ تیز سرد ہوا اور بارش کے علاوہ طائف اور بالائی علاقوں میں اولے گرنے کا بھی امکان ہے‘۔
’ساحلی علاقے میں تیز ہوا کے باعث اونچی موجیں اٹھیں گی تاہم ان کی شدت گزشتہ ہفتہ والی کیفیت سے کم ہوگی‘۔
’موسمی تغیر کا آغاز منگل کی فجر سے ہوگا اور یہ جمعہ کی صبح تک رہے گی جس میں دن میں موسم متعدل جبکہ رات کو سرد رہے گا‘۔
دوسری طرف سعودی قومی مرکز برائے موسمیات نے کہا ہے کہ  پیر سے جمعرات تک مملکت کے مختلف شہروں میں بارش کا قوی امکان ہے۔ 
ویب نیوز ’عاجل‘ کے مطابق ماہرموسمیات زیاد الجھنی کے مطابق مملکت کے تین علاقوں ریاض ، قصیم اورمشرقی ریجن میں بارش کی توقع ہے۔ 
بارش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ گزشتہ ہفتے سے مملکت کے بالائی اور وسطی علاقے جن میں ریاض نجران ، جیزان اور الباحہ شامل ہیں گزشتہ کئی دنوں سے بارش کی زد میں ہیں۔ 

’پیر سے جمعرات تک مملکت کے تین علاقوں ریاض، قصیم اور مشرقی ریجن میں بارش کی توقع ہے‘ ( فوٹو: احمد حاضر)

اردن اور مشرق وسطی میں ہونے والی شدید برفباری سے مملکت میں بھی سردی میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جبکہ شمالی ریجن کے بعض سرحدی علاقے بھی برفباری کی لپیٹ میں ہیں۔ 
شمالی علاقوں میں ہونے والی برف باری سے وہاں سے آنے والی سرد ہواوں کے باعث مدینہ منورہ اور جدہ میں بھی موسم خوشگوار ہو گیا۔ 
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتہ بھی سرد ہواوں کی لپیٹ میں رہنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو چاہئے کہ وہ گرم کپڑے اپنے ساتھ رکھیں۔ 
 سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق محکمہ موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تبوک ریجن کے بعض مقامات جن میں الوجہ، املج اور ضبا کمشنری شامل ہیں میں تیز ہوائیں چلیں گی جس سے موسم بھی گرد آلود ہونے کا امکان ہے۔ 

’الوجہ، املج اور ضبا کمشنری میں تیز ہوائیں چلیں گی جس سے موسم بھی گرد آلود ہونے کا امکان ہے‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)

دریں اثنا سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے خبردی ہے کہ نجران ریجن میں بارش کے باعث شاہراہوں پرسفر کرنے والوں کو احتیاطی تدابیر پرسختی سے عمل کرنا چاہئے۔  
 شہری دفاع نے بھی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے کہا ہے کہ شاہراہوں پرسفر کرنے والے گاڑیوں کے وائپرز کو درست رکھیں اور نشیبی علاقوں میں قیام کرنے سے گریز کریں خاص کر وہ مقامات جو سیلابی ریلے کی گزرگاہیں ہیں۔ 
الباحہ میں ٹریفک پولیس کی جانب سے انتباہ دیا گیا ہے کہ ریجن میں شدید دھند کی وجہ سے سفرکرتے ہوئے احتیاط برتی جائے۔ دھند سے متاثر مقامات پرحد رفتار کم کرتے ہوئے گاڑیوں کے ’ہیزرٹ‘ آن رکھیں۔  
 

شیئر: