ریاض: غیر ملکیوں کولوٹنے والا گروہ گرفتار
چاروں ملزمان سعودی ہیں جن سے مزید تحقیقات جاری ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
ریاض پولیس کے ترجمان میجر خالد الکریدیس کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں کو اسلحہ کے زور پرلوٹنے والے چار رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے ریجنل ترجمان کے حوالے سے کہا ہے کہ ریاض پولیس کو چند نامعلوم افراد کی تلاش تھی جن پرمتعدد گاڑیوں کی چوری اورغیر ملکیوں کو لوٹنے کا الزام تھا۔
ریجنل ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کے خصوصی یونٹ نے ملزمان کے بارے میں وسیع پیمانے پر تحقیقات کے بعد بالاخر انہیں گرفتار کرلیا۔
چاروں ملزمان سعودی ہیں جن پر گاڑیاں چرانے اور اسلحہ کے زور پرغیر ملکیوں کو لوٹنے کے علاوہ خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکارظاہر کرنے کا بھی الزام ہے۔
گروہ کے ارکان سے پولیس کی وردیاں اور مسروقہ اشیا کے علاوہ نقدی بھی برآمد ہوئی جو انہوں نے مختلف وارداتوں میں لوٹی تھی۔
میجر خالد الکریدیس کا کہناتھا کہ ملزمان کے خلاف ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ ’ایف آئی آر‘ درج کرلی گئی ہے ان سے مزید تفتیش کےلیے ریمانڈ پراسیکیوشن کے ادارے کو بھجوا دیا گیا ہے جہاں سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیس عدالت میں پیش کیاجائے گا۔