Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثیوں کے حملے ایران کے ایجنڈے کا حصہ ہیں: عرب لیگ

سعودی عرب پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے کہا ہے کہ حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب کے خلاف حملے دراصل ایران کے ناعاقب اندیش ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاض سمیت سعودی عرب کی دیگر آبادیوں پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ابو الغیط نے پیر کو بیان میں کہا کہ عرب لیگ، سعودی عرب کو اپنے شہریوں اور سرحدوں کے دفاع کے سلسلے میں بھرپور یکجتہی کا یقین دلاتی ہے۔
سعودی عرب اپنے شہریوں کو دہشتگردانہ حملوں سے بچانے کے لیے جو اقدامات کرے گا عرب ممالک اس کے ساتھ ہوں گے۔ 
 ابو الغیط نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سعودی عرب شہریوں پر دہشتگردانہ حملوں کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ 
 بیان میں یہ بھی کہا کہ ایرانی یمن کو سیاسی مذاکرات کے پتے کے طور پر استعمال کرنے کے لیے حوثیوں کو سعودی عرب کے خلاف گرما گرمی کے لیے شہ دے رہے ہیں۔ انہیں حملوں سے شہریوں کی سلامتی کو لاحق ہونے والے خطرات سے کوئی سروکار نہیں۔ 
ابو الغیط نے کہا کہ یمن میں انسانی حالات کی خرابی کے ذمہ دار حوثی ہیں۔ یمن کے باشندے فاقہ کشی کی حد تک پہنچ گئے ہیں۔

شیئر: