Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی پی ایل سے متعلق بیان پر ڈیل سٹین نے معافی مانگ لی

ڈیل سٹین پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈٰی ایٹرز کا حصہ ہیں (فوٹو: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹوئٹر)
پاکستان سپر لیگ سیزن سکس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیلنے والے ڈیل سٹین نے چند روز قبل انڈین پریمیئر لیگ سے متعلق اپنے الفاظ کی وضاحت دیتے ہوئے معافی مانگ لی۔
جنوبی افریقی کھلاڑی نے ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں وضاحت کی کہ ’آئی پی ایل مجھ سمیت دیگر کھلاڑیوں کے کیریئر میں کسی دلچسپی سے کم نہیں رہی‘۔
اپنے پیغام میں انہوں نے مزید لکھا کہ ’میرے الفاظ کا مقصد نیچا دکھانا، توہین کرنا یا لیگز کا موازنہ نہیں تھا‘۔

چند روز قبل پی ایس ایل کے دوران دیے گئے ایک انٹرویو میں ڈیل سٹین نے پاکستان سپر لیگ سے متعلق کہا تھا کہ ’یہاں رقم سے زیادہ توجہ کرکٹ کے کھیل پر دی جاتی ہے، جب کہ انڈین پریمیئر لیگ میں زیادہ توجہ آمدن کو حاصل رہتی ہے۔‘
ڈیل سٹین کا انٹرویو سامنے آنے کے بعد پاکستانی کرکٹ شائقین نے اسے سراہا تو انڈیا سے تعلق رکھنے والے کرکٹ فینز اس پر خاصے غصے میں دکھائی دیے تھے۔ دونوں جانب سے بحث شروع ہوئی تو انڈین صارفین آئی پی ایل میں ڈیل سٹین کی اب تک کی کارکردگی کا ریکارڈ نکال لائے جب کہ ان کے موقف کو درست ماننے والے انڈین پریمیئر لیگ کے مالی معاملات پر سوال اٹھاتے رہے تھے۔
ڈیل سٹین کی جانب سے معافی بھی انڈین کرکٹ فینز کو کچھ زیادہ مطمئن نہ کر سکی تو ٹوئٹر پر دیے گئے جوابی پیغامات میں اس کا اظہار بھی کیا گیا۔

کرکٹ پاکستان کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈیل سٹین کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے دنیا کی سب سے مہنگی لیگ آئی پی ایل سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے اور انہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور لنکا پریمیئر لیگ ( ایل پی ایل) کو زیادہ بہتر پایا ہے۔‘
ڈیل سٹین جو کوئٹہ گلیڈی ایٹر کا حصہ ہیں، نے آئی پی ایل کے حوالے سے بتایا کہ ’آئی پی ایل کے مالی پہلو پر زیادہ زور دینے کا مطلب ہے کہ کرکٹ کو بھلا دیا جاتا ہے۔‘
جنوبی افریقن فاسٹ بولر نے رواں سال آئی پی ایل نہ کھیلنے کے حوالے سے بتایا کہ ’اس کی وجہ اس کا طویل دورانیہ ہے۔‘

شیئر: