Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنجرانی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار نامزد، وزیراعظم سنیچر کو اعتماد کا ووٹ لیں گے

صادق سنجرانی 12 مارچ 2018 کو چئیرمیں سینیٹ منتخب ہوئے تھے: فوٹو تحریک انصاف فیس بک
پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کیا ہے۔ 
شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج شام قوم سے خطاب کریں گے اور سنیچر کو قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے سنیچر کو قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی تاریخ میں ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ ہم ایک نئی روایت قائم کر رہے ہیں۔ اور نئے جمہوریت کلچر کو فروغ دے رہے ہیں۔ جمہوریت اخلاقی اقدار پر چلتی ہے۔‘
اسلام آباد سے تحریک انصاف کے سینیٹ کی نشست پر امیدوار حفیظ شیخ کی اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی سے شکست کے بعد وزیراعظم نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا۔
یوسف رضا گیلانی نے 342 کے ایوان میں 169 ووٹ حاصل کیے جبکہ حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سات ووٹ مسترد کیے گئے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’اپوزیشن والے ووٹ خریدنے والوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ہم سینیٹ میں سب سے بڑی پارٹی بن گئے ہیں، ہم قومی اسمبلی میں پہلے ہی سب سے بڑی جماعت ہیں۔‘ 
خیال رہے کہ صادق سنجرانی گزشتہ تین سال سے سینیٹ کے چیئرمین ہیں اور ان کے خلاف عدم اعتماد کی ایک تحریک بھی ناکام ہو چکی ہے۔
گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ کی اسلام آباد سے نشست جیتنے کے بعد یوسف رضا گیلانی کو پی ڈی ایم کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کیا تھا۔

شیئر: