Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینیٹ میں بڑا اپ سیٹ: یوسف رضا گیلانی جیت گئے

یوسف رضا گیلانی نے حفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں سے شکست دی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سینیٹ انتخابات میں سب سے دلچسپ اور بڑے معرکے میں حزب اختلاف کے امیدار یوسف رضا گیلانی  نے اسلام آباد کی جنرل نشست پر حکومت کے امیدوار اور وفاقی مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں سے شکست دے دی۔
بدھ کے روز قومی اسمبلی ہال میں پریذائیڈنگ افسر نے نتیجے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ’یوسف رضا گیلانی نے 169 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے۔‘
 
سینیٹ نتخابات میں سب سے دلچسپ اور بڑا مقابلہ اسلام آباد کی جنرل نشست پر وفاقی مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور پیپلز پارٹی کے رہنما سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے درمیان ہی تھا۔
پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا جب سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی نشست اہمیت اختیار کر گئی تھی۔ حکمران جماعت تحریک انصاف کی پارٹی قیادت خصوصاً وزیراعظم سینیٹ امیدوار کی خود انتخابی مہم چلا رہے تھے۔
اسلام آباد سے خواتین کی نشست پر تحریک انصاف کی امیدوار فوزیہ ارشد 174 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئیں۔ ان کی مدمقابل امیدوار مسلم لیگ ن کی فرزانہ کوثر نے 161 ووٹ حاصل کیے۔

سندھ میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا

کراچی سے اردو نیوز کے نامہ نگار توصیف رضی ملک کے مطابق سندھ میں پیپلز پارٹی نے سینیٹ کی سات نشستیں جیت کر میدان مار لیا۔ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم نے دو دو نشستیں حاصل کیں۔

فیصل واوڈا سندھ سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں (فوٹو: فیصل واوڈا ٹوئٹر)

سندھ اسمبلی میں ڈالے گئے 167 ووٹوں میں سے 6 ووٹ مسترد ہوئے۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کی شیری رحمان اور متحدہ قومی موومنٹ کے فیصل سبزواری جنرل نشستوں پر 22، 22 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوگئے۔
تحریک انصاف کے فیصل واوڈا، پیپلز پارٹی کے سلیم مانڈوی والا اور تاج حیدر 20، 20 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے ہی جام مہتاب ڈہر نے 19 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔
کراچی سے پیپلز پارٹی کی امیدوار پلوشہ خان اور ایم کیو ایم کی خالدہ اطیب بھی سینیٹر منتخب ہوگئی ہیں۔
پیپلز پارٹی نے سندھ سے پانچ جنرل، جبکہ ٹیکوکریٹ اور خواتین کی ایک ایک نشست حاصل کی۔ پی ٹی آئی نے ایک جنرل اور ایک ٹیکنوکریٹ کی نشست اپنے نام کی۔ ایم کیو ایم نے ایک خواتین اور ایک جنرل نشست جیتی۔

پیپلز پارٹی کی پلوشہ خان سندھ سے سینیٹر منتخب ہو گئی ہیں (فوٹو: قومی اسمبلی ویب سائٹ)

بلوچستان میں بی اے پی اور پی ٹی آئی کے اتحاد نے زیادہ نشستیں حاصل کیں

کوئٹہ سے اردو نیوز کے نامہ نگار زین الدین احمد کے مطابق بلوچستان میں سینیٹ کی بارہ نشستوں پر انتخاب ہوا جن میں سے آٹھ نشستوں پر حکومتی اتحاد نے کامیابی حاصل کی جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے چار امیدوار کامیاب ہوئے۔
جنرل کی سات میں سے پانچ نشستیں پر حکومتی امیدوار جبکہ دو پر اپوزیشن ارکان کو فتح حاصل ہوئی۔ ٹیکنوکریٹ کی دو نشستوں میں سے ایک حکومتی اور ایک اپوزیشن رکن نے جیت لی۔
 خواتین کی دو نشستوں پر بھی ایک حکومتی اور ایک اپوزیشن رکن نے کامیابی سمیٹی جبکہ ایک اقلیتی نشست پر حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے دھنیش کمار کامیاب قرار پائے۔

خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن کا معرکہ تحریک انصاف کے نام رہا (فوٹو: کے پی اسمبلی ویب)

بلوچستان عوامی پارٹی، تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور جمہوری وطن پارٹی پر مشتمل اتحاد کو 65 رکنی ایوان میں41 ارکان کی حمایت حاصل تھی۔
اس کے نتیجے میں اس اتحاد نے7 جنرل نشستوں میں سے 5 نشستوں پر بی اے پی کے سرفراز احمد بگٹی، منظور احمد کاکڑ، پرنس آغا عمر احمد زئی ،عوامی نیشنل پارٹی کے نواب زادہ عمر فاروق کاسی، بی اے پی اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار محمد عبدالقادر کو کامیاب کرایا۔
 اپوزیشن اتحاد میں شامل جمعیت علمائے اسلام کے مولانا عبدالغفور حیدری اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے محمد قاسم رونجھو بھی جنرل نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے۔

 


عبدالقادر پی ٹی آئی کا ٹکٹ نہ ملنے کے باوجود بلوچستان سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے جیتنے میں کامیاب رہے (فوٹو: فیس بُک)

ٹیکنوکریٹ نشست پر بلوچستان عوامی پارٹی کے سعید احمد ہاشمی اور جمعیت علمائے اسلام کے کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ، خواتین کی نشست پر بلوچستان عوامی پارٹی کی ثمینہ ممتاز اور بی این پی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار نسیمہ احسان کامیاب ہوئی۔
نسیمہ احسان ایک روز قبل سردار اخترمینگل کی پارٹی میں شامل ہوئی تھیں۔ بلوچستان اسمبلی کے تمام 65 ارکان نے ووٹ کا حق استعمال کیا اور کوئی ووٹ مسترد نہیں ہوا۔

شیئر: