Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریستورانوں میں ٹیبل سروس آج اتوار سے بحال، ایس او پیز کی پابندی

مقررہ ضوابط پر مکمل عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزیر بلدیاتی امور ماجد الحقیل نے کہا ہے کہ کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ اس حوالے سے کوئی امتیاز نہیں ہے۔ 
عاجل نیوز ویب سائٹ کے مطابق وزیر بلدیاتی امور نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے گزشتہ ماہ ہوٹلوں میں بیٹھ کر کھانے اور سینما پر عائد کی جانے والی پابندی اتوار سات مارچ سے ہٹائی جا رہی ہے جس کے بعد یہ اندیشہ ہے کہ لوگ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کریں۔ 
 ماجد الحقیل نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مملکت کے وسیع تر مفاد میں شہری اور غیر ملکی بھرپور تعاون کریں اور مقررہ ضوابط پر اسی طرح عمل کیا جائے جیسی ہدایات دی گئی ہیں۔ 
احتیاطی تدابیر کے حوالے سے وزیر بلدیاتی امور کا کہنا تھا کہ ’معاشرے اور لوگوں کی سلامتی کے لیے آپ کے ساتھ ہیں تاکہ مقررہ ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔‘
واضح رہے گزشتہ ماہ کورونا وائرس کی نئی لہر کے باعث مملکت میں ہوٹلوں میں کھانا فراہم کرنے اور سینما گھروں کو بند کیا گیا تھا جس پر پابندی اتوار سے ہٹائی جا رہی ہے۔ 
بلدیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تفتیشی ٹیموں کے گشت میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی ایس اوپیز کی خلاف ورزی نہ کرے۔ 
کورونا سے بچاؤ کے لیے وزارت صحت نے سماجی فاصلے کے اصول پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ عوامی مقامات پر ماسک کے بغیر جانے والوں پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ 

شیئر: