Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان میں عمرہ بکنگ کی اطلاعات اور وزارت حج کی وضاحت

وزارت نے سوشل میڈیا پر وائرل اطلاعات کی تردید کی ہے۔( فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے 15 شعبان اور 15 رمضان سے عمرہ بکنگ کے بارے میں سوشل میڈیا پر وائرل اطلاعات کی تردید کی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق سوشل میڈیا پر یہ اطلاع گردش کررہی تھی کہ ’اس سال عمرہ بکنگ دو مراحل میں ہوگی۔ پہلے مرحلے کی شروعات 15 شعبان سے ہوگی۔ اس کے تحت یکم سے 18 رمضان تک عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچیں گے‘۔
 ’ دوسرے مرحلے کی بکنگ 15 رمضان سے کی جائے گی جس کے تحت 19 سے 30 رمضان تک عمرہ زائرین کو آنے کی اجازت ہوگی‘۔
وزارت حج و عمرہ نے سوشل میڈیا پر ان اطلاعات کے حوالے سے کہا کہ ’وزات کی جانب سے ایسا کوئی بیان جاری نہیں ہوا، یہ بالکل غلط ہے‘۔  
وزارت حج و عمرہ نے  بیان میں کہا کہ’سعودی شہری، مقیم غیرملکی اور وزٹ ویزوں پر آنے والے ماہ رواں مارچ کے آخر تک عمرے کی بکنگ کراسکتے ہیں‘۔  
بیان میں مزید کہا گیا کہ’ عمرہ اجازت نامے لینے والے زائرین سے ابھی کورونا ویکسین کی پابندی نہیں کرائی جارہی ہے‘۔ 
وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ’ عمرہ کے اجازت نامے ’اعتمرنا ‘ ایپ کے  ذریعے جاری کیے جارہے ہیں۔ اس کے سوا کسی اور ذریعے سے اجازت نامے نہیں دیے جارہے‘۔
وزارت نے تنبیہ کی کہ’ کوئی بھی شخص کسی بھی دوسرے شخص کے عمرہ اجازت نامے سے فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کرے۔ ایسا کرنا غلط ہوگا اور اس کی اجازت نہیں دی جائے گی‘۔ 

شیئر: