Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا: اسلام آباد میں تجارتی مراکز اور عوامی مقامات پر دوبارہ پابندیاں

’ وائرس سے متاثرہ مقامات اور علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن اور مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ کیا جا سکے گا‘ (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث این سی او سی کی ہدایات پر اسلام آباد انتظامیہ نے اہم فیصلے کیے ہیں اور نئی پابندیوں کے اطلاق کی ہدایات جاری کی ہیں۔
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے بدھ کی رات جاری ہونے والے نوٹی فیکیشن کے مطابق عوامی و دیگر مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
’ وائرس پھیلنے سے متاثر ہونے والے مقامات اور علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن اور مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ کیا جا سکے گا۔‘
اسلام آباد انتظامیہ کے مطابق ’متعلقہ اداروں کی منظوری سے 50 فی صد سٹاف کے کام گھر سے کرنے کی پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔‘
’تمام تجارتی سرگرمیوں پر رات 10 بجے کے بعد پابندی عائد ہو گی، تاہم ہسپتال، میڈیکل سٹورز اور اشیائے خورد و نوش کی دکانوں پر رات 10 بجے بند کرنے کی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔‘
اسلام آباد انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کی وبا میں اضافے کے بعد تمام پارکس شام 6 بجے بند کر دیے جائیں گے۔‘
’شادی ہالز اور ہوٹلوں کے اندر بیٹھ کر کھانے پر 15 مارچ سے دی جانے والی اجازت کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔‘
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ’سنیما ہالز اور مزارات بند رکھنے کے حوالے سے بھی پابندی برقرار رہے گی۔‘

شیئر: