Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلے فضل الرحمان بلاول کے امام تھے اب سراج الحق ہیں: فواد چوہدری

پی ڈی ایم کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ ’یہ گاڑی چلنے والی نہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنا امام بدل لیا ہے، پہلے مولانا فضل الرحمان تھے اب سراج الحق ہیں۔ 
بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ ان کی ذاتی رائے تھی کہ حکومت کو کورونا ویکسین کی قیمت نہیں مقرر کرنی چاہیے۔‘
انہوں مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز کے حوالے سے کہا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ مریم نواز نے قانونی راستہ اختیار کیا ہے۔ اس سے پہلے جب نیب نے انہیں بلایا تو انہوں نے پتھر مارے تھے۔‘
بقول ان کے ’مسلم لیگ ن لیگ آہستہ آہستہ قانون کے راستے پر واپس آ رہی ہے۔ ضمانت کرانا مثبت عمل ہے۔‘
انہوں نے پی پی اور مسلم لیگ ن کے درمیان بننے والی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ گاڑی چلنے والی نہیں کیونکہ سٹیئرنگ کسی کے پاس ہے اور بریک پر کسی اور کا پیر ہے، ایکسیڈنٹ تو ہونا ہی تھا۔‘ 
فواد چوہدری کے مطابق ’حکومت انتخابی اصلاحات کے معاملے پر سنجیدگی سے آگے بڑھنا چاہتی ہے۔‘
انہوں نے وزیراعظم کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے ’سپیکر کو کہا ہے کہ ہمیں آگے بڑھنا چاہیے۔ اگر اپوزیشن اس معاملے میں نہیں آئے گی تو نقصان ملک کا ہوگا۔‘ 
انہوں نے تین روز قبل ہونے والے پارلیمنٹ اجلاس کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’صرف تین لوگ آئے اور اپوزیشن کے ارکان نہیں آئے۔ یہ لوگ پارلیمان کو ناکام کر رہے ہیں۔‘
فواد چوہدری نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر پارلیمنٹ ناکام ہوگی تو جمہوریت ناکام ہوگی اس سے قوم کا نقصان ہوگا۔‘ 

شیئر: