Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدالت مریم نواز کو اپنے ہمراہ کارکنوں کو لانے سے روکے: نیب 

نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ ’مریم نواز کو صرف دو افراد کو ساتھ لانے کا پابند بنایا جائے‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں احتساب کے ادارے قومی احتساب بیورو (نیب) نے لاہور ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت مریم نواز کو نیب میں پیشی کے موقع پر کارکنوں کو ساتھ لانے سے روکے۔  
بدھ کو عدالت میں دائر پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ برس اگست میں مریم نواز کو چوہدری شوگر ملز کیس میں تحقیقات کے لیے بلایا گیا تھا تو وہ اپنے ساتھ کارکنوں کو لے کر آئیں اور جان بوجھ کے سکیورٹی کی صورت حال پیدا کی۔

 

اپنی پٹیشن میں نیب نے پاکستان کے آئین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’تمام شہریوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستان کے آئین اور قانون کی مکمل پاسداری کریں۔‘  
دائر کی جانے والے درخواست میں مریم نواز کی 21 مارچ کو کی جانے والی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’ان کی عوامی تقریر میں مریم نواز نے نیب کو دھمکی دی اور کہا کہ وہ کارکنوں کے ہمراہ آئیں گی۔‘
’انہوں نے نہ صرف اپنی پارٹی کے کارکنوں کو اشتعال دلایا بلکہ دس پارٹیوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے کارکنوں کو بھی اپنی تقریر سے اشتعال دلایا۔ اگر وہ اپنے ساتھ کارکن لاتی ہیں تو پچھلی بار کی طرح اس بار بھی سکیورٹی کی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔‘  
پٹیشن میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ مریم نواز نیب کے بار بار بلانے کے باوجود تفتیش کے لیے پیش نہیں ہوئیں، اسی وجہ سے لاہور ہائی کورٹ میں ان کی ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی گئی ہے جب کہ عدالت نے اس درخواست پر مریم نواز کو نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔  
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ’مریم نواز کو صرف دو افراد کو ساتھ لانے کا پابند بنایا جائے ایک ان کا سیکرٹری ہو سکتا ہے اور دوسرا اکاؤنٹنٹ اس سے زیادہ افراد لانے سے انہیں روکا جائے۔‘ 
لاہور ہائی کورٹ رجسٹرار آفس نے نیب کی درخواست سماعت جمعرات 25 مارچ کے لیے فکس کر دی ہے جبکہ جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دو رکنی بینچ اس کیس کی سماعت کرے گا۔ خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے اسی بینچ نے بدھ 24 مارچ کو مریم نواز کی عبوری ضمانت منظور کی۔   
واضح رہے کہ نیب لاہور نے مریم نواز کو 1500 کنال اراضی کی مبینہ غیر قانونی منتقلی اور چوہدری شوگر ملز کیس میں 26 مارچ کو طلب کر رکھا ہے۔

شیئر: