Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ابشر افراد‘ ایپ پر پانچ نئی سہولتیں کیا ہیں؟

شہری اورغیرملکی تعلیمی سرٹیفکیٹ میں ترمیم ابشر کے ذریعے کرسکیں گے۔ (فوٹو عرب نیوز) 
سعودی وزارت داخلہ نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی آسانی کے لیے ’ابشر افراد‘ ایپ پر مزید پانچ سہولتوں کا اضافہ کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق آئندہ مقامی شہری اورغیرملکی تعلیمی سرٹیفکیٹ میں ترمیم کی درخواست ابشر افراد کے ذریعے کرسکیں گے۔  
انگریزی زبان میں نام کی اصلاح کی درخواست،سماجی حالت (شادی شدہ یا غیر شادی شدہ) کی اصلاح کی درخواست اور اولاد کے سول ریکارڈ کو ماں کے ساتھ مربوط کرنے کی درخواست بھی آن لائن کرسکیں گے۔
وزارت داخلہ نے ابشر افراد میں پانچویں سہولت ایڈوانس ایڈیشن کی جاری کی ہے۔ اس کا فائدہ بولنے اور سننے سے محروم افراد کو ہوگا۔ کیو آر کوڈ ٹیکنالوجی کے ذریعے خصوصی افراد محکمہ احوال مدنیہ  سے رابطہ کرسکیں گے۔ انہیں اشاراتی زبان میں مترجم کی سہولت حاصل ہوگی۔ 
سعودی وزارت داخلہ نے بیرون ملک سعودی قونصلیٹس اور سفارتخانوں میں پیدائش اور وفات کے اندراج کی سہولت کا بھی اعلان کیا ہے۔
اس کی بدولت بیرون مملکت مقیم سعودی شہریوں کو وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کے درمیان الیکٹرانک رابطے کی سہولت مہیا ہوجائے گی۔

وزارت داخلہ نے ’میدان‘ پلیٹ فارم کا دوسرا ایڈیشن بھی جاری کیا ہے۔(فوٹو سبق)

بیرون مملکت اولاد کی پیدائش اور کسی کی وفات کا اندراج متعلقہ ملک میں موجود سعودی سفارتخانے اور قونصلیٹ کے ذریعے کیا جاسکے گا۔
وزارت داخلہ نے ’میدان‘ پلیٹ فارم کا دوسرا ایڈیشن بھی جاری کیا ہے۔ یہ سیکیورٹی کے عمل میں آسانی پیدا کرنے والا پلیٹ فارم ہے، اسے وزارت داخلہ کے اہلکاروں نے تیار کیا ہے۔
میدان پلیٹ فارم کے دوسرے ایڈیشن میں 14 الیکٹرانک سہولتیں رکھی گئی ہیں۔ اس میں موبائل ڈیجیٹل آئی ڈی کی ریڈنگ، سیکیورٹی امور سے متعلق استفسارات، حج و عمرہ اجازت ناموں کو چیک کرنا، ٹریفک حادثات کی رپورٹ روڈ سیکیورٹی کو پیش کرنا اور سیکیورٹی اہلکار کی  الیکٹرانک آئی ڈی شامل ہیں۔

شیئر: