Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کیسز بڑھنے لگے، پابندیوں کی خلاف ورزی پر جرمانہ

العلیا قریے میں خلاف ورزی کرتے ہوئے تقریب کی جا رہی تھی۔ (فوٹو عاجل)
سعودی وزارت صحت نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر زور دیا ہے کہ وہ  بڑے اجتماعات سے گریز اور ماسک پہننے سمیت  تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
کورونا وائرس کے نئے کیسز پیر کو مسلسل چوتھے دن بھی 500 سے زیادہ ہیں جو چھ ماہ قبل ایک سو سے بھی کم رہ گئے تھے۔
سعودی حکام کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں پر بار بار کریک ڈاون کا انتباہ جاری کر رہے ہیں۔ پولیس نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک تقریب کے منتظمین اور مہمانوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الشرقیہ پولیس کے ترجمان محمد الشہری نے بتایا کہ العلیا قریے میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تقریب کی جا رہی تھی۔ اجتماع پر پابندی کا لحاظ نہیں کیا جارہا تھا۔
اس حوالے سے موقع پر موجود افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ تجارتی مرکز کے ذمہ دار پر بھی جرمانہ کردیا گیا۔ ان دو افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا جنہوں نے ہوائی فائرنگ کی تھی۔
 ایک اور سعودی شہری کو گرفتار کیا گیا جس نے اجتماع اور ہوائی فائرنگ کی وڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔ 
واضح رہے کہ سعودی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ شادی بیاہ یا تعزیت کے علاوہ دیگر معاشرتی تقاریب میں 50 سے زیادہ افراد کے اجتماع پر جرمانہ ہوگا۔
 کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کے تحت 50 سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی ہے۔

ایس او پیز کے تحت 50 سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی ہے۔( فوٹو اخبار24)

’شادی بیاہ یا تعزیت کے علاوہ دیگر معاشرتی اجتماعات میں جہاں کہیں 50 سے زیادہ افراد جمع ہوئے وہاں اہتمام کرنے والے کو 40 ہزار ریال جرمانہ ہوگا‘۔
’ایسے اجتماع میں شرکت کرنے والے کو بھی پانچ ہزار ریال جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔‘
’دوسری مرتبہ خلاف ورزی پر اجتماع بلانے یا سبب بننے والے کو 80 ہزار ریال جرمانہ جبکہ شرکت کرنے والوں کو 10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔‘
’اگر اجتماع کسی تجارتی ہال میں ہوا تو پہلی مرتبہ خلاف ورزی پر جرمانے کے علاوہ اسے تین ماہ کے لیے بند کردیا جائے گا، دوسری مرتبہ جرمانے کے علاوہ 6 ماہ کے لیے بند کر دیا جائے گا۔‘
 

شیئر: